لاہور:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ دسمبر یا جنوری،جب بھی الیکشن ہوں گے نواز شریف آکر قیادت کرینگے۔انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر پنجاب اور پختونخوا کی اسمبلیاں توڑ بھی دی جائیں تو وفاقی حکومت برقرار رہے گی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں ضمنی یا جنرل الیکشن ہوں تو ہم بہتر پوزیشن میں ہونگے۔وفاقی وزیر نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیانیہ کوئی پاپولر نہیں۔یہ حکومت میں تھے تب بھی مہنگائی تھی۔اس میں شک نہیں کہ ہم مہنگائی میں کمی نہیں لاسکے۔ہم عمران خان کے دور حکومت کی تباہی کو کور کررہے ہیں،ہم الیکشن میں لوگوں کو حقائق بتائیں گے۔رانا ثناء اللہ نے کہا ہماری بات اگر کم لوگ سنیں،مگر میاں نواز شریف جب آکر بتائیں گے تو لوگ سنیں گے۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف دسمبر یا جنوری جب بھی الیکشن ہوں گے تو وہ آئیں گے اور الیکشن مہم کی قیادت خود کرینگے۔