Site icon Daily Pakistan

شام میں عوامی انقلاب اور پاکستان کے حالات

شام میں انقلاب کے بعد حالات پر امن ہوگئے 24سال سے اقتدار پر قابض بشارالاسد روس بھاگ گئے شام میں کیا ہوا کیسے ہوا اور کیوں ہوا اس پر مختلف لوگوں کی مختلف باتیں ہیں اور ہر فرد اپنے اپنے نظریے کے مطابق اسکے حق اور خلاف دلیلیں دے رہا ہے مگر ان سب باتوں سے ہٹ کر شام اور پاکستان کے حالات میں بہت سی قدریں مشترک ہیں وہاں بھی ظلم ،زیادتی اور کرپشن اپنے عروج پر تھی اور یہاں بھی اپنے عروج پر ہے وہاں کی جیلیں بے گناہ ،مظلوموں اور معصوم بچوں سے بھری پڑی تھیں اور یہاں بھی ہماری جیلیں بھری ہوئی ہیں بشار الاسد حکومت کا تختہ الٹنے اور باغیوں کی فتح کے بعد شام کی جیلوں سے آزاد ہونے والے قیدیوں کی خوفناک داستانیں سامنے آرہی ہیں جیلوں سے آزاد کیے جانے والے ہزاروں افراد اپنی قید کے دنوں کی داستانیں سنا رہے ہیں سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک قیدی نے بتایا کہ قید میں میرا کوئی نام نہیں تھا بس ایک نمبر تھا مجھے بشار حکومت نے اٹھا کر قید میں ڈال دیا اور میرے گھر والے سمجھتے رہے کہ میں مر گیا میرے ساتھ بہت سے افراد کو بھی ان کے گھر والوں کو بتائے بغیر جیل میں رکھا گیا جنہوں نے کئی سال جیل میں گزار دئیے آزاد ہونے والے کچھ اور افراد نے بتایا کہ انہیںاگر رہائی نہ ملتی تو پھر کچھ ہی دیر بعدپھانسی دی جانی تھی شام کی جیل میں قید ایک اور قیدی علی حسن کو 39 سال بعد جیل سے آزادی ملی علی حسن کو 1986 میں شامی فوجیوں نے شمالی لبنان میں ایک چیک پوسٹ سے گرفتار کیا تھا، ان کی عمر اس وقت 18 سال تھی اور وہ یونیورسٹی کے طالب علم تھے گرفتاری کے بعد سے ان کا کوئی سراغ نہیں ملا تھا سابق شامی صدر بشارالاسد کے انسانی مذبح خانے سے ایک چھوٹے بچے کوبھی بازیاب کرایا گیا جس جیل میں یہ بچہ موجود تھا یہ بشار کی ایک بدنام زمانہ جیل کہلاتی ہے بچے کے انسانی مذبح خانے سے باہر نکلنے کی افسوسناک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے شام کی جیل سے آزاد ہونے والی خواتین کے الفاظ نے بھی سوشل میڈیا صارفین کو حیرت میں مبتلا کررہے ہیں میں یہ ویڈیو سن رہا تھا تو مجھے پشاور کے اس بچے کی ویڈیو بھی میری نظروں کے سامنے چلنا شروع ہوگئی جو بتا رہا تھا کہ جب میں قید سے رہائی کے بعد گھر پہنچا تو ماں خوشی برداشت نہ کرسکی اور فوت ہوگئی کیونکہ وہ سمجھ رہی تھی کہ میں مرچکا ہوں شام میں 2000 کی دہائی کے دوران شام میں اغوا، من مانی حراست اور شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے جیسے واقعات میں خوفناک حد تک اضافہ ہوگیاتھا شامی جیلوں کو صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں سے بھردیا گیا شام کے جنرل انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے اراکین کوعام شہریوں کو طویل عرصے سے ماورائے عدالت کارروائیاں کرنے کے لیے وسیع مراعات حاصل تھے اور انھیں مجرمانہ جرائم سے استثنیٰ حاصل تھا 2008 میں بشارالاسد نے اس استثنیٰ کو سیکورٹی فورسز کے دوسرے محکموں تک بڑھا دیا جسکے بعدوہاں کی خفیہ پولیس نے سیاسی مخالفین اور حکومت کے خلاف بولنے والوں پرنہ صرف تشدد کیابلکہ کئی کئی سال قید میں رکھا اور پھرقتل کردیا گیا لبنان پر شامی قبضے کے بعد سے تقریباً 600 لبنانی سیاسی قیدیوں کو سرکاری جیلوں میں ایک طویل عرصہ رکھا گیا کچھ کوتو 30 سال سے بھی زائد عرصے تک رکھا گیاوہاں کی حکومت نے سیاسی مخالفین کے خلاف سفری پابندیوں کا بے دریغ استعمال کیا حکومت نے انسانی حقوق کی تنظیموں اور آزاد این جی اوز کو ملک میں کام کرنے کی اجازت دینے سے بھی انکار کر دیا 2010 میں شام نے یونیورسٹیوں میں چہرے کے نقاب پر پابندی لگا دی تھی شام میں قیدیوں کے ساتھ تشدد اور غیر انسانی سلوک کی حوصلہ افزائی کی گئی جس طرح ہمارے ہاں سیاسی قیدیوں پر غیر انسانی سلوک روا رکھا جارہا ہے ڈاکٹر شہباز گل سمیت اور بہت سے سیاسی قیدی اپنے اوپر ہونے والے مظالم کا درد ناک قصہ بھی بتاچکے ہیں 2023 میں کینیڈا اور نیدرلینڈز نے شام کے خلاف بین الاقوامی عدالت انصاف (ICJ) میں مقدمہ دائر کیا جس میں پر تشدد کاروائیوں کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا مشترکہ درخواست میں شامی حکومت پر شامی آبادی کو اجتماعی طور پر سزا دینے کی حکمت عملی کے طور پر "ناقابل تصور جسمانی اور ذہنی درد اور تکلیف” دینے کا الزام لگایا گیا ہے لیکن روس نے بین الاقوامی فوجداری عدالت میں بشار الاسد کے خلاف مقدمہ چلانے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کوششوں کو ویٹو کر دیا اسی طرح2000 کی دہائی کے دوران بشار الاسد کا معاشی لبرلائزیشن پروگرام بدعنوانی اور اقربا پروری کی علامت بن گیا کیونکہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے اسکے وفادار تھے جنہوں نے نجکاری کے زیادہ تر شعبوں اور کاروباری اثاثوں پر قبضہ کر لیا جنہوںنے حکومت کو شامی عوام کی اکثریت سے الگ کر دیا جسکے بعد محنت کش طبقے نے بڑے پیمانے پر آنے والی اس معاشی تبدیلی سے نفرت کرنا شروع کردی بدعنوانی کا تسلسل، علویوں کا فرقہ وارانہ تعصب، اقربا پروری اور وسیع پیمانے پر رشوت خوری جو کہ پارٹی، بیوروکریسی اور فوج میں موجود تھی عوام کے غصے کا باعث بنی جس کے نتیجے میں 2011 کا شامی انقلاب برپا ہوا جو طویل عرصے سے حکومت کی استحصالی پالیسیوں کا خمیازہ بھگت رہے تھے شام کی خانہ جنگی کے نتیجے میں شام میں جنگی معیشت پروان چڑھی اسکے نتیجہ میں ریاست کے بڑھتے ہوئے کردار کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بشار الاسد اور اس کی اہلیہ اسماءنے شام کے اقتصادی اثاثوں کو اپنے وفاداروں میں ضم کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ پرانے کاروباری اشرافیہ کو بے گھر کر کے معیشت پر ان کی اجارہ داری قائم کی جائے بشارالاسد کا بھائی مہر الاسد بھی شام کی ریاستی سرپرستی میں چلنے والی کیپٹاگون ڈرگ انڈسٹری کی کارروائیوں کی نگرانی کر کے اور جنگ کے زیادہ تر سامان پر قبضہ کر کے دولت مند ہو گیا ہے حکمران جوڑے کے پاس شام کے جہاز رانی، رئیل اسٹیٹ، ٹیلی کمیونیکیشن اور بینکنگ کے شعبوں کا بڑا حصہ تھاوہاں پر بدعنوانی اس قدر بڑھ چکی تھی کہ شام کو عرب دنیا کا سب سے کرپٹ ملک سمجھا جاتا ہے پچھلے سال تک بدعنوانی انڈیکس میں شام عالمی سطح پر دوسرے نمبر پرتھااور پاکستان بھی بدعنوانی میں بہت آگے ہمیں بنگلہ دیش اور شام کے حالات سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے اپنی انا اور ضد کو ایک طرف رکھتے ہوئے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرکے اقربا پروری ،کرپشن اور چور بازاری جیسی لعنت کو ختم کرکے غریب عوام کو غربت کی لکیر سے اوپر اٹھانے کے لیے مل جل کر کوششیں کرنی چاہیے اگر ایسا نہ کیا گیا تو پھر کسی کو کہیں بھاگنے اور چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی ۔

Exit mobile version