Site icon Daily Pakistan

”شہبازسپیڈ“اور ثمرات!

وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف کو”شہباز سپیڈ“کے نام سے دُنیاتب سے جانتی ہے جب وُہ وزیر اعلیٰ پنجاب تھے اور اِن کے ادواروزارت اعلیٰ میں انقلابی منصوبوں،ترقی کی بلندیوں کو دیکھ کرہی نہ صرف وطن عزیز کے سیاسی ایوانوں بلکہ اقوام عالم میں بھی وزیر اعظم محمد شہبازشریف کو ”شہباز سپیڈ“کے نام سے جانا جاتا ہے ۔گزشتہ ماہ دورہ سعودی عرب کے موقع پر سعودی قیادت نے بھی انتہائی قلیل وقت میں پاکستان کی ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات پر وزیر اعظم کو”شہبازسپیڈ“کہہ کر مخاطب کیا۔حکومت کے ساڑھے 9ماہ کی کارکردگی کااگر بغورجائزہ لیاجائے تواِس دفعہ واقعی وزیر اعظم شہبازشریف اِس تخلص کے حقدار ٹھہرتے ہیں ۔اسی طرح اگر صوبہ پنجاب کی بات جائے تووزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز صاحبہ نے پہلی دفعہ وزارت اعلیٰ کامنصب سنبھالا لیکن اپنے والد اور چچا کی طرح ”شہباز سپیڈ“ فارمولے کوکم نہیں ہونے دیا اور انقلابی اقدامات متعارف کروائے جن میں نمایاں”کسان کارڈ“۔”آسان صحت پروگرام“۔کسانوں کیلئے سستے ٹریکٹر،زرعی آلات،سولر سسٹم ودیگر شامل ہیں ۔وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم محمد شہبازشریف میں ایک چیز یکساں ہے کہ دونوں نے اچانک دوروں سے ایڈمنسٹریشن کے مسائل کو بھی حل کرنے میں کافی کامیابی حاصل کی ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز صاحبہ نہ صرف لاہور بلکہ پنجاب کے دیگر شہروں کے اچانک دورے بھی کررہی ہیں جس سے ایڈمنسٹریشن بھی مضبوط ہورہی ہے اور عوام کوسہولیات بھی میسر ہورہی ہیں۔ گزشتہ دِنوں وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کا دورہ چین انتہائی مثبت رہا جہاں نہ صرف وزیر اعلیٰ پنجاب نے چینی قیادت سے ملاقاتیں کیں بلکہ پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ معاہدے بھی ہوئے ۔گزشتہ روزحکومتی کارکردگی اور کاوشوں کی بدولت کم افراط زر کی شرح کی بدولت سٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ میں مزید 2فیصد کمی کردی ہے اورپالیسی ریٹ 13فیصد پر آگیا ہے ۔اِس سے نہ صرف وطن عزیز کے کاروباری طبقہ بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا بھی پاکستان پر مزید اعتماد بڑھے گا۔جس طرح وزیر اعظم اور اِن کی معاشی ٹیم کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں یقینا آنیوالے دِنوں میں افرادزر میں مزید کمی ہوگی ۔دوسری جانب قومی ائیرلائن کیساتھ گزشتہ حکومتوں میں بھی جوکچھ ہوا وُہ بھی مکمل عیاں ہے لیکن حکومتی کاوشوں اور وزیر اعظم کی کابینہ کی ٹیم کی کاوشوں سے یہ ادارہ دوبارہ اپنے پاﺅں پر کھڑاہوناشروع ہوگیا ہے ۔یہ خوشخبری گزشتہ روزقومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے ہوابازی خواجہ آصف نے سنائی اور کہا کہ آئندہ ماہ سے یورپ کے روٹس پر پی آئی اے کی پروازیں چلنا شروع ہوجائیں گی۔ چند دن قبل یورپین یونین نے ہمیں اجازت دیدی ہے ،آئندہ ماہ تک یورپین روٹس پر پروازیں شروع کر دیں گے ۔ جنوری کے آخر تک برطانوی آڈٹ ٹیم بھی پاکستان آرہی ہے ،وہاں پر بھی ہمیں کامیابی حاصل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ہوابازی ڈویژن کو درخواستیں موصول ہوئی ہیں جس میں وہ صرف ثانوی روٹس پر پروازیں چلانا چاہتے ہیں ،ان کے پاس چھوٹے جہاز ہیں ۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں سوال پر وفاقی وزیر خواجہ آصف نے تفصیلاً بتایا کہ جو ائیر لائنز 5 فیصد ثانوی روٹس پر پروازیں نہیں چلائیں گی انھیں پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ اور ایک بین الاقوامی روٹ منسوخی کی سزا دی جاسکتی ہے ۔ایک اور سوال پروفاقی وزیر ہوابازی نے بتایا کہ پی آئی اے اس وقت 8 پرائمری اور 25 ثانوی روٹس پر اپنی پروازیں چلا رہی ہے ۔تمام ائیر لائن کو 5 فیصد کوٹہ کے مطابق ثانوی روٹس پر پروازیں یقینی بنائیں گے ۔حکومت کی جانب سے گزشتہ ساڑھے 9ماہ میں سب سے زیادہ کوشش معاشی حالات بہتر بنانے کیلئے کی گئی اوروزیر اعظم اور اِن کی پوری ٹیم نے یقینا”شہبازسپیڈ“کاتخلص برقرار رکھا اور سال پورے ہونے سے پہلے ہی تمام تر حالات کو درست سمت گامزن کردیا ہے ۔اِس تمام ترصورتحال کی کامیابی وزیر اعظم کے بیرونی ممالک سے رابطے اور عالمی تاجروں کا پاکستان پراعتماد بحال کرنا بھی شامل ہے ۔ وزیر اعظم نے سب سے پہلے ہمسائیہ دوست ممالک پھر مسلمان دوست ممالک اور اقوام عالم کے کامیاب دوروں میں نہ صرف اقوام عالم کاپاکستان پر دوبارہ اعتماد بحال کیا بلکہ تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز بھی ہو رہا ہے ۔گزشتہ دِنوں بیلاروس کے صدر کاکامیاب دورہ پاکستان اور معاہدے دونوں ممالک میں ایک نئے دور کا آغاز ہے اِسی طرح وزیر اعظم محمد شہبازشریف کی کاوشوں سے دیگراقوام عالم کے راہنما بھی پاکستان کے دورے کررہے ہیں۔اگر بغور جائزہ لیاجائے تو حکومت کے اِن ساڑھے 9ماہ میں نہ صرف بڑے بڑے بحرانوں پر قابو پایا گیا بلکہ قوم میں ایک نئی اُمید بھی جاگی ہے کہ انشااللہ پاکستان ہرلحاظ سے مزید مضبوط ہوگا ۔

Exit mobile version