فلور ملز کی جانب سے آج کراچی سمیت ملک بھر میں ہڑتال کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے سپلائی بند ہونے سے آٹے کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے وِد ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف کراچی سمیت ملک بھر میں ہڑتال شروع کر دی گئی ہے اور آج سے ملک بھر میں فلور ملز نے گندم کی پسائی کا کام بند کردیا گیا ہے۔چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن ساتھ عامر عبداللہ کا کہنا ہے کہ آج سے ہم نے غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال شروع کر دی ہے ، جس کے تحت کراچی سمیت ملک بھرمیں فلور ملز نے آٹے کی سپلائی بند کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران بھینس کالونیوں اور جانوروں کے چوکر کی سپلائی بھی بری طرح متاثر ہوگی۔عامر عبداللہ نے کہا کہ ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ سے آٹا 8 سے 10روپے فی کلو مہنگا ہوگا۔ فلور ملز میں پسائی کا عمل ایک نکاتی مطالبہ تسلیم نہ ہونے تک بند رکھیں گے۔ فلور ملرز ودہولڈنگ ایجنٹ نہیں بن سکتے ۔ ٹیکس جمع کرنا حکومت کا کام ہے، ہمارا نہیں۔ ہم ٹیکس کی ادائیگی پہلے بھی کررہے ہیں مزید دے سکتے ہیں، صرف طریقہ کار پر اعتراض ہے۔دریں اثنا فلور ملز کی جانب سے ہڑتال کے دوران ملک بھر میں سپلائی بند ہونے کی وجہ سے آٹے کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔