انٹرنیشنل کرکٹ کونسل چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حالیہ اختتام پر بھارتی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کو فائنل میں چار وکٹوں سے شکست دےکر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ بھارتی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں زبردست ٹیم ورک، منصوبہ بندی اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، جو ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور پختگی کا منہ بولتا ثبوت تھا۔اس کے برعکس، پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔ ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان کے حصے میں آئی، لیکن بھارت کے سیکیورٹی تحفظات کے باعث ان کے میچز دبئی میں منعقد کیے گئے۔ پاکستان نے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 60رنز سے شکست کھائی جبکہ روایتی حریف بھارت نے انہیں 6 وکٹوں سے شکست دیکر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔یہ ناکامی صرف کرکٹ تک محدود نہیں، بلکہ یہ پاکستان کے مجموعی نظام کی تصویر بھی پیش کرتی ہے۔ بھارت اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کا موازنہ دراصل دونوں ممالک کے طرزِ حکمرانی، معاشرتی رویوں اور ترقی کے سفر کی عکاسی کرتا ہے۔بھارتی کرکٹ ٹیم کی کامیابی ان کے منظم کرکٹ ڈھانچے اور سخت محنت کا نتیجہ ہے ۔ بھارتی کرکٹ بورڈدنیا کا امیر ترین کرکٹ بورڈ ہے، لیکن ان کی کامیابی کا راز صرف مالی وسائل نہیں بلکہ میرٹ پر فیصلے، نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینا، اور جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا ہے۔بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ہائی پریشر میچز میں جس ثابت قدمی اور اعتماد کا مظاہرہ کیا، وہ ان کے مضبوط ذہن اور بہترین تربیت کا نتیجہ ہے۔بھارت کی طرح ان کی قوم بھی مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وہ ٹیکنالوجی، معیشت، اور بین الاقوامی تعلقات میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ بھارتی حکومت کی پالیسیاں، کاروباری ماحول اور تعلیم پر توجہ ان کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کی شکست محض ایک کھیل کی ہار نہیں، بلکہ یہ قومی بدنظمی، سفارشی کلچر، اور غیر منصفانہ نظام کی عکاسی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میں سیاسی مداخلت اور نااہل قیادت ایک عرصے سے مسائل پیدا کر رہی ہے۔ چیئرمین پی سی بی، جو بدقسمتی سے وزیر داخلہ بھی ہیں، کی دوہری ذمہ داریاں کرکٹ کے معاملات سے توجہ ہٹانے کا باعث بنیں۔ٹیم سلیکشن میں میرٹ کا فقدان، سینئر کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی، اور دبا میں بکھر جانے کی عادت نے پاکستان کی ہار کو یقینی بنایا۔ کھلاڑیوں کی فٹنس، تکنیکی خامیاں، اور میچ کے دوران ناقص فیصلے بتاتے ہیں کہ پاکستانی کرکٹ صرف جذبات پر نہیں چل سکتی اس کےلئے منصوبہ بندی، محنت، اور جدید سوچ کی ضرورت ہے ۔ یہی صورتحال قومی سطح پر بھی نظر آتی ہے۔ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام، معاشی بحران، اور کرپشن نے ترقی کی رفتار سست کر دی ہے۔ تعلیم، صحت، اور معیشت جیسے اہم شعبے توجہ سے محروم ہیں، جبکہ قیادت کے فیصلے اکثر ذاتی مفادات اور سیاسی وابستگیوں کے گرد گھومتے ہیں۔کرکٹ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ قوم کی اجتماعی نفسیات کا آئینہ ہے۔ جس طرح بھارت نے کھیل کے میدان میں محنت، منصوبہ بندی اور میرٹ کے اصولوں کو اپنایا، اسی طرح وہ قومی ترقی میں بھی ان اصولوں کو اپنا رہے ہیںجبکہ پاکستان کی کرکٹ اور سیاست دونوں ہی بدنظمی، اقربا پروری اور جذباتیت کی لپیٹ میں ہیں ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں اصلاحات لائی جائیں، میرٹ اور شفافیت کو فروغ دیا جائے اور کھلاڑیوں کی تربیت اور فٹنس پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ قومی سطح پر بھی قیادت کو ذمہ داری، دیانت داری، اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ کرکٹ کے ساتھ ساتھ ملک بھی کامیابی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔پاکستان کو محض نعرے لگانے سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرنا ہونگے۔ کرکٹ کے نظام کو درست کیے بغیر، اور بطور قوم خود کو سنوارے بغیر، ہم میدان میں بھی کامیابی حاصل نہیں کر سکتے اور قومی سطح پر بھی زوال کا شکار رہیں گے۔
قومی ٹیم کی ہار سے قومی زوال تک کا سفر

