بلھے شاہ برصغیر کی روحانی، ادبی اور تہذیبی تاریخ کا وہ درخشندہ نام ہے جس کے بغیر پنجاب کی فکری و صوفی روایت نامکمل ہے۔ ان کا اصل نام سید عبداللہ شاہ قادری تھا لیکن زمانے نے انہیں بلھے شاہ کے نام سے یاد رکھا۔ سترہویں اور اٹھارہویں صدی کا یہ عظیم شاعر نہ صرف اپنے عہد کا نباض تھا بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک فکری چراغ جلا گیا۔ ان کا کلام صرف شاعری نہیں بلکہ ایک ایسا پیغام ہے جس میں مذہب، تصوف، اخلاقیات اور انسانی مساوات کی جھلک صاف دکھائی دیتی ہے۔ بلھے شاہ نے جس انداز میں عوام کی زبان میں فلسفہ حیات بیان کیا وہ اپنی مثال آپ ہے۔ ان کا کلام اس دور کی عوامی نفسیات کو سمجھنے اور اس کے مسائل کا حل نکالنے کی ایک شعوری کوشش ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے اشعار آج بھی پنجاب کے گاں گاں میں گونجتے ہیں اور ایک زندہ روایت کی صورت اختیار کرچکے ہیں۔بچپن ہی سے بلھے شاہ کی طبیعت میں ایک خاص قسم کی سنجیدگی اور روحانی کشش پائی جاتی تھی۔ روایت ہے کہ وہ کم عمری میں ہی معمولی باتوں پر غور کرتے اور سوالات اٹھاتے تھے۔ یہی سوالات آگے چل کر ان کی فکری بنیاد بنے۔ انہوں نے باقاعدہ تعلیم قصور میں حاصل کی جہاں قرآن، حدیث، فقہ اور عربی و فارسی زبانوں میں دسترس پیدا کی۔ مگر ان کی علمی و روحانی پیاس محض رسمی تعلیم سے بجھنے والی نہ تھی۔بلھے شاہ کے زمانے میں پنجاب کی سیاسی اور سماجی فضا انتشار کا شکار تھی۔ مذہبی انتہاپسندی نے معاشرے کو تقسیم کر رکھا تھا۔ ہندو، مسلمان اور سکھ ایک دوسرے سے خائف تھے۔ ذات پات کا نظام اپنی جڑوں میں مضبوطی سے پیوست تھا۔ ان حالات میں بلھے شاہ کی شاعری نے ایک مرہم کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے مذہبی تفریق اور ظاہری رسوم کو رد کیا اور انسانیت کی عظمت کو اجاگر کیا۔ ان کے نزدیک اصل انسان وہ ہے جو دل کی صفائی اور محبت کے جذبے سے معمور ہو۔بلھے شاہ کی فکری تشکیل میں سب سے اہم کردار ان کے مرشد شاہ عنایت قادری کا ہے۔ بلھے شاہ کے ہاں مرشد کی محبت اور اس کی اطاعت کو انسان کی اصل منزل قرار دیا گیا ہے۔بلھے شاہ کا کلام پنجابی زبان میں ہے ۔ انہوں نے فلسفے اور تصوف کے گہرے مسائل کو عام فہم زبان میں بیان کیا تاکہ گاں کے کسان اور عام مزدور بھی اسے سمجھ سکیں۔ وہ جانتے تھے کہ دین اور حقیقت کا پیغام کتابوں میں مقید رہنے کے بجائے عوام کے دلوں تک پہنچنا چاہیے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا کلام موسیقی کے ذریعے گایا گیا اور صدیوں بعد بھی قوال حضرات ان کے کلام کو اپنی محفلوں میں پیش کرتے ہیں۔ان کے کلام میں عشقِ حقیقی کا موضوع سب سے زیادہ نمایاں ہے۔ وہ بار بار اس بات پر زور دیتے ہیں کہ جب تک انسان اپنے نفس کو قابو میں نہیں لاتا اور دنیاوی حرص و ہوس کو ترک نہیں کرتا تب تک سچی محبت حاصل نہیں ہوسکتی۔ ان کی شاعری میں دنیا کی فانی حقیقت اور انسان کے باطنی سفر کی عکاسی ہے۔ وہ بار بار اپنے قاری کو جھنجھوڑتے ہیں کہ اصل حقیقت دل کے اندر ہے اور اسے تلاش کرنے کے لیے ظاہر پرستی چھوڑ کر باطن کی طرف سفر کرنا ہوگا۔بلھے شاہ نے اپنے کلام میں اس دور کی مذہبی ریاکاری اور ملا ازم پر بھی تنقید کی۔ وہ ان ملاوں کو سخت ناپسند کرتے تھے جو دین کو کاروبار اور اقتدار کا ذریعہ بنائے ہوئے تھے۔ ان کے نزدیک دین کا مقصد انسانوں کو جوڑنا ہے نہ کہ تقسیم کرنا۔ وہ خانقاہی نظام اور ظاہری پوجا پاٹ پر بھی سوال اٹھاتے تھے۔ ان کا یہ انداز عام لوگوں کو متاثر کرتا تھا لیکن بعض علما کو ناگوار گزرتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں اپنے وقت میں مخالفت کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن بلھے شاہ نے کبھی اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے کی کوشش نہیں کی۔بلھے شاہ کی شاعری میں موسیقیت اور رمزیات کا ایسا امتزاج ہے جو اسے لازوال بناتا ہے، وہ عام زندگی کے استعاروں اور روزمرہ کی مثالوں کے ذریعے بڑے بڑے فلسفے بیان کر جاتے ہیں۔ کبھی وہ کسان کی مثال دیتے ہیں جو زمین میں بیج ڈالتا ہے اور صبر کے ساتھ اس کے اگنے کا انتظار کرتا ہے، کبھی محبوب کی جدائی میں سسکتی عورت کا تذکرہ کرتے ہیں، کبھی معشوق کی دید کے لیے تڑپتے ہوئے پروانے کی کیفیت بیان کرتے ہیں۔ یہ تمام تشبیہات ان کے فلسفہ عشق کو سمجھنے میں مدد دیتی ہیں۔ان کے کلام میں وحدت الوجود کی خوشبو بھی نمایاں ہے۔ وہ بار بار کہتے ہیں کہ خدا کو دور نہ تلاش کرو بلکہ اپنے اندر دیکھو، وہ تمہارے دل میں موجود ہے۔ یہی صوفیانہ فکر انہیں ایک عالمی شاعر بناتی ہے۔ ان کی شاعری مذہب، ذات اور قوم کی قید سے بالاتر ہوکر انسان کو انسانیت کا درس دیتی ہے۔بلھے شاہ کی شخصیت اور شاعری پر اگر گہرائی سے نظر ڈالی جائے تو یہ واضح ہوتا ہے کہ وہ صرف ایک شاعر نہیں بلکہ ایک مصلح، ایک فلسفی اور ایک صوفی تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی اور کلام کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ انسانیت سب سے بڑی حقیقت ہے اور محبت سب سے بڑا مذہب۔ ان کا کلام آج بھی اس معاشرے کے لیے مشعلِ راہ ہے جو نفرت اور تقسیم کی آگ میں جل رہا ہے۔اگر ہم بلھے شاہ کے پیغام کو آج کے تناظر میں دیکھیں تو یہ اور بھی زیادہ اہم ہوجاتا ہے۔ موجودہ دور میں جب دنیا دہشت گردی، مذہبی انتہا پسندی اور ذات پات کے تعصبات میں مبتلا ہے، ایسے وقت میں بلھے شاہ کی آواز ہمیں یاد دلاتی ہے کہ اصل کامیابی محبت، رواداری اور انسانیت میں ہے۔ ان کی شاعری ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ اگر دل صاف ہو تو خدا بھی مل سکتا ہے اور انسان بھی۔یہی وجہ ہے کہ بلھے شاہ کا کلام نہ صرف ادبی اور صوفیانہ حلقوں میں زندہ ہے بلکہ موسیقی، قوالی اور لوک گیتوں کے ذریعے عام عوام تک بھی پہنچ رہا ہے۔ ان کا پیغام صدیوں پہلے بھی اتنا ہی تازہ تھا اور آج بھی اتنا ہی تازہ ہے۔ یہی ان کی عظمت کا ثبوت ہے۔ بلھے شاہ کی شاعری محض الفاظ کا ذخیرہ نہیں بلکہ ایک ابدی سچائی کا اعلان ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں حقیقت کا شاعر کہا جاتا ہے۔
بلھے شاہ ۔۔۔!

