ملک کے معروف صحافی تجزیہ کار پاکستان گروپ آف نیوز پیپرز کے چیف ایڈیٹر اور روز نیوز کے سی ای او ایس کے نیازی نے کہا کہ میں نے صحافت کا پیشہ ایک مشن سمجھ کر اپنایا تھا، اور الحمد اللہ آج مجھے اپنی صحافتی زندگی پر فخر اور ناز ہے کہ میرے قلم کے باعث دکھی انسانیت کو سکون اور چین ملا ، ہم نے معاشرے کی اصلاح اور تربیت کا بیڑا اٹھایا اور اب غریب عوام تک مفت تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے آج روز ایکسل ٹی وی کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں جو الیکٹرانک میڈیا میں میرا تیسرا ٹی وی چینل ثابت ہو گا، انہوں نے کہا الیکٹرانک میڈیا میں ہم ایک مشن کے تحت داخل ہوئے تھے اور الحمد اللہ اس میںہمیںکامیابی نصیب ہوئی ، انہوں نے کہا کہ میں نے مجید نظامی اور عرفان صدیقی کو اپنا استاد تسلیم کیا ، ان کے اور بھی بے پناہ شاگرد ہونگے مگر جو محبت مجھے ان سے ملی شاید وہ کسی اور شاگرد کے حصے میںنہ آئی ہو، ان کے بہت سارے شاگرد جنرل ہوکر ریٹائرڈ ہوئے ، انہوں نے کہا کہ آج تقریب کے جتنے بھی شرکاء ، مہمان موجود ہیں وہ سب میرے لئے بہت اہم اور ان کے ساتھ میرے ذاتی تعلقات رہے ہیں، روز ایکسل ٹی وی کیلئے میں نے ایک ماہر اور تجربہ کار ایم ڈی کا انتخاب کیا ہے جو میرے مشن میںمیرا ساتھ دے گا، انہوں نے کہا کہ اس ٹی وی چینل کے ذریعے ہم علم کو عام کریں گے ، تعلیم کے حصول کیلئے میں نے ایک یونیورسٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے ، ہم نے مل کر حالات کو بہتر بنانے کی طرف جانا ہے ، ملک میں آسودگی لانی ہے ، خصوصی بچوں کے ساتھ میری محبت کا یہ عالم ہے کہ عالم دن کے موقع پر پشاور میں ہونے والی تقریب میں مہمان خصوصی تھا، جب تقریب کی صدارت کے پی کے گورنر نے کی، اس تقریب میں میں نے 400ویل چیئرز اور کمپیوٹر گفٹ کیے ، کیونکہ میرا یہ ایمان ہے کہ ہم ملک کے خصوصی بچوں کو تعلم فراہم کر کے ملک کو بہتر بنا سکتے ہیں اور ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں نے ساری زندگی ایک مشن کے تحت گزاری ہے اور انشاء اللہ آخری سانس تک میں پاکستان اور پاکستان کے غریب عوام کی خدمت کرتا رہوں گا، میں نے اپنے ٹی وی چینلز کو کمائی کا ذریعہ نہیںبنایا بلکہ میرا اوپر اللہ کا بے پناہ کرم ہے ، میں نے اس کو غریب ، مجبور ، لاچار اور بے سہارا افراد کی آواز بنانے کا ذریعہ بنایا ہے ، ایس کے نیازی نے کہا کہ اس وقت ملک میں کوالٹی آف ایجوکیشن کی ضرورت ہے ، جس کیلئے روز ایکسل ٹی وی اپنا کردار بھر پور طریقے سے ادا کرے گا، انہوں نے کہا جب میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ چین کے دورہ پر گیا تو ہمیں خصوصی طور پر ایک یونیورسٹی دکھانے کا اہتمام کیا گیا ، انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلز پر ایک دوسرے کیخلاف جھوٹے پروپگنڈے کرنے کی روایت چل پڑی ہے جو قوم کے وقت کا ضیاع ہے ،انہوں نے کہا کہ ڈیلی دی پیٹریاٹ کا افتتاح مجید نظامی صاحب نے کیا تھا جبکہ روز ٹی وی کا افتتاح ہم نے عارف نظامی سے کرایا تھا، انہوں نے کہا کہ ملک کے گھر گھر تک تعلیم پہچانے کیلئے روز ایکسل ٹی وی اپنا کردار بھر پور طریقے سے اداکرے گا۔