نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں پیشہ وارانہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی نیوی کا شہر ہے، کراچی چونکہ ساحل پر ہے، ہم اسے سمندری شہر کہتے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں پاک بحریہ کی گراں قدر خدمات ہیں، پاکستان نیوی نے سیلاب کے دوران بھی سندھ کے عوام کی مدد کی۔ملاقات میں نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ سندھ کی ساحلی پٹی پر تعلیم، صحت اور فلاحی کام کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ نے نیول چیف کو اجرک اور سندھی ٹوپی کا تحفہ پیش کیا جب کہ نیول چیف نے وزیراعلیٰ سندھ کو پی این ایس یرموک شپ کا ماڈل پیش کیا۔