پنجاب فوڈ اتھارٹی نے چھاپہ مار کر اٹک میں جعلی کولڈ ڈرنکس فراہم کرنے والا گودام پکڑ لیا، گودام سے آٹھ ہزار آٹھ سو گیارہ لیٹر معروف برانڈز کی جعلی کولڈ ڈرنکس برآمد کی گئیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے خفیہ اطلاعات پر فتح جنگ میں کارروائی کی، کولڈ ڈرنکس کے نمونوں کا جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے موقع پر معائنہ کیا گیا، نمونوں میں مضر صحت اور غیر معیاری اجزا کی آمیزش پائی گئی۔
انھوں نے بتایا کہ کولڈ ڈرنکس کے نمونوں کو مزید تجزیے کے لیے فوڈ لیب بھجوایا گیا ہے، معروف برانڈز کی جعلی کولڈ ڈرنکس کو گردونواح میں فراہم کیا جاتا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جعل ساز مافیا کی سرکوبی کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں۔