Site icon Daily Pakistan

کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حکومت کی درست معاشی حکمت عملی کا ثبوت ہے، وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی

وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے سوموار کو اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت ملک کی معاشی پالیسیوں میں نجی و کاروباری شعبے کی تجاویز اور نقطہ نظر کو شامل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ جمعرات کو وزیراعظم نے نجی و کاروباری و صنعتی شخصیات سے تین گھنٹے طویل اہم ملاقات کی جس کا مقصد کاروباری حضرات کو ریلیف فراہم کرنا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لینا تھا۔ اس ون آن ون مشاورتی اجلاس میں، 10 ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں جن کی سربراہی نجی شعبے کی ممتاز کاروباری شخصیات کر رہی ہیں۔ یہ گروپس 15 نومبر کو اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کریں گے جس کی روشنی میں معاشی پالیسی کی تشکیل میں مدد ملے گی۔ یہ ورکنگ گروپس انکم ٹیکس، کسٹمز، اینٹی ڈمپنگ، ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ، توانائی، ریلوے، پورٹس، صنعتی ترقی، زراعت، آئی ٹی اور انڈسٹریلائزیشن جیسے اہم شعبوں پر مرکوز ہیں، جبکہ متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے افسران تکنیکی معاونین کے طور پر شامل ہیں۔ حکومت کا مقصد توانائی کی قیمت میں کمی، ٹیکس اصلاحات، برآمدات کے فروغ، اور معیشت میں پائیدار ترقی کے لیے نجی شعبے کی عملی تجاویز کو پالیسی کا حصہ بنانا ہے۔ وزیر مملکت نے مزید کہا کہ حکومت زراعت کو ویلیو ایڈڈ زرعی مصنوعات کے ذریعے زرمبادلہ میں اضافے کے لیے برآمدی معیشت کا ایک نیا ذریعہ بنانا چاہتی ہے، اور آئی ٹی سیکٹر کو مؤثر برآمدات کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر مملکت خزانہ نے واضح کیا کہ حکومت نے نجی شعبے سے مستقل مشاورت کے عمل کو ادارہ جاتی شکل دے دی ہے، اور وہ اس پالیسی پر عمل پیرا ہے کہ مشترکہ کاوشوں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ہی پائیدار معاشی ترقی اور مؤثر پالیسی سازی کا حصول ممکن ہے۔

Exit mobile version