افغان طالبان نے ملک میں خواتین کی اعلی تعلیم پر پابندی کا سرکاری طور پر حکم جاری کردیا۔افغان وزارت تعلیم کے مطابق یونیورسٹیوں کو طالبات کے داخلے پر پابندی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں طالبات کو داخلہ نہ دینے کا کہا گیا ہے۔امریکا، برطانیہ اور اقوام متحدہ کی جانب سے افغان حکومت کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے سرکاری حکم کو مسترد کیا گیا ہے۔ مذکورہ اقدام کو خواتین کے حقوق کی سنگین پامالی قرار دیا گیا۔
امریکا نے کہا کہ طالبان بین الاقوامی برادری کی حمایت کا جواز کھو رہے ہیں بلکہ کھو چکے ہیں اور منصفانہ، غیرجانبدارانہ نظام انصاف اور تعلیم تک رسائی کے بغیر افغانستان ترقی نہیں کرسکتا۔امریکا کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ افغان انتظامیہ نوٹس فوری طور پر واپس لیتے ہوئے خواتین کو تعلیم حاصل کرنے کا حق دے۔ترجمان اقوام متحدہ نے کہا کہ افغان طالبان نے ایک اور وعدہ خلافی کی ہے، یہ ایک اور انتہائی پریشان کن اقدام ہے۔ یہ تصور کرنا مشکل ہے کہ ملک کس طرح ترقی کر سکتا ہے۔