Daily Pakistan

تالے کی قیمت بھول جانے پر ماں سمیت 10سالہ بچا یرغمال

تالے کی قیمت بھول جانے پر ماں سمیت 10سالہ بچا یرغمال

اسلام آباد میں تالے کی قیمت بھول جانے پر ماں سمیت 10سالہ بچے کو یرغمال بنا لیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد(سٹی رپورٹر)سٹور سے خریداری کے دوران 80روپے مالیت کے تالے کو پرس میں رکھ لینے کے معاملے پر سٹور مالک اور ملازمین نے خاتون اور اسکے د س سالہ بچے کو یرغمال بنا لیا۔
باسط عباسی نامی شخص نے کئی گھنٹوں تک متاثرہ خاتون اور بچے کو حبس بے جا میں رکھے جانے کے بعد پچاس ہزارروپے لا کر دینے پر بچے کو آذادی دی۔
اس حولے سے متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ اسے گھنٹوں حبس بے جا اور شدید پریشانی کا سامنا رہا بالآخر سٹور مالک اور اسکے ملازمین نے ساتھ جا کر 50 ہزار لینے کے بعد بچے کو چھوڑا گیا۔
تھانہ لوہی بھیر کے علاقے میں واقع الباسط جنر ل سٹور پر ہونے والے اس افسوس ناک واقعے بارے درج مقدمہ میں فائزہ نے بتایاکہ اس نے الباسط جنر ل سٹور سے خریداری کے دوران ایک تالا اسی روپے والابھی لیاجو ٹرکری سے نیچے گر جاتاتھا، جس پر اس نے اس کو پرس میں رکھ لیااور بعد ازاں اس تالے کی قیمت ادا کرنا بھول گئی۔
گیٹ پر اسے روک لیاگیاپرس مانگاگیاتو اس نے پر س دے دیا، جس میں تالاموجود تھا، اس تالے کی اس نے ادائیگی کرناچاہی تو اس کو چھ مردو ں نے پکڑکر ایک کونے میں بٹھادیا۔ اس کھینچا تانی میں اسکی قمیض پھٹ گئی پھر دو گھنٹے بعد سٹور مالک باسط عباسی آیا جس نے پچاس ہزارروپے جرمانہ بھرنے کا کہا۔
خاتون کا مزید کہنا تھا کہ میرے دس سالہ بیٹے کو یرغمال بنالینے کے بعد پھر مجھے سیکورٹی کے ساتھ گھر بھجوایاگیا، میں نے پچاس ہزارروپے لاکر انھیں دئیے تو انھوں نے ایک تحریر پر میرے زبردستی دو انگوٹھے لگوائے اس دوران میری قمیض مزید پھٹ گئی ۔
خاتون کا مزید کہنا تھا کہ پیسے لے لینے کے بعد دھکے دے کر ہم دونوں ماں بیٹے کو باہر نکال دیا گیا۔
تا ہم خاتون کا کہنا تھا کہ اس نے تھانہ میں اس حوالے سے مقدمہ درج کروالیا ہے ۔

Exit mobile version