مظفر آباد:بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈا لہرا دیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کے جوابی وار پر بھارت نے ہاتھ کھڑے کر دیئے، پاکستان آرمی کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر دشمن کی پوسٹوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا تھا۔
بھارتی فوج نے سفید جھنڈرا لہرا کر اپنی شکست کو تسلیم کر لیا تاہم پاک فوج کی جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔
بھارت نے رات گئے بزدلانہ حملے کئے تھے جس کے جواب میں پاک فوج نے بھرپور جواب دیتے ہوئے ان کی متعدد چیک پوسٹوں کو تباہ اور 5 بھارتی طیارے تباہ کر دیئے تھے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت کو جارحیت مہنگی پڑ گئی، پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں کارروائی میں برتری حاصل کرلی، دشمن نے بہت مار کھا لی، بھارتی فوجی پوسٹیں چھوڑ کر بھاگ گئے، اب ہم حالت جنگ میں ہیں اور یہ جنگ بھارت نے مسلط کی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہوگیا، بھارت کیلئے شرم کا مقام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا تسلیم کر رہا ہے پاکستان نے 5 جہاز مار گرائے ہیں، رات کے اندھیرے میں حملہ کرنا بزدلی کی نشانی ہے، پاکستانی قوم اور افواج پاکستان کا مورال بلند ہے۔