وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مستونگ میں سکول پر دھماکا تعلیم دشمنی کا ثبوت ہے، دہشتگرد ایسے حملوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گرلز ہائی اسکول پر بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نے دھماکے میں بچوں اور پولیس اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا، شہباز شریف نے شہدا کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ذمہ داران کی نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کا سکول پر دھماکا بلوچستان میں انکی تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، دہشتگرد ایسے بزدلانہ حملوں سے ہماری قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، ایسے حملے حکومت کے بلوچستان میں تعلیم و ترقی کے فروغ کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔وزیر اعظم نے مزید کہا ہے کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، ملک و قوم کی خاطر قربانیاں دینے والے پولیس افسران و جوانوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ادھر قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے بھی مستونگ میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بچوں اور پولیس اہلکار کے جاں بحق ہونے پر دلی رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے۔دہشتگرد عناصر انسانیت کے دشمن ہیں، ہماری پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والوں اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔قائم مقام صدر نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کرنے کیلئے پرعزم ہیں، دکھ کی گھڑی میں دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پاکستان
سکول پر دھماکہ تعلیم دشمنی ، دہشتگرد قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے ، وزیراعظم
- by Daily Pakistan
- نومبر 1, 2024
- 0 Comments
- Less than a minute
- 77 Views
- 2 مہینے ago