لاہور:پاکستان میں 2026 کا پہلا سورج نئی امنگوں، امیدوں اور خوابوں کے ساتھ طلوع ہو گیا، تلخ و شیریں یادوں سے بھرپور 2025 ماضی کی جھروکوں میں دفن ہو گیا۔پاکستان میں نئے سال کا آغاز دعاں، بارانِ رحمت اور بہتر مستقبل کی امیدوں کے ساتھ ہوا، کراچی میں نئے سال کے پہلے سورج نے صبح 7 بج کر 17 منٹ پر اپنی کرنیں بکھیرنا شروع کیں۔
شہریوں نے نئے سال کے پہلے طلوع آفتاب کا نظارہ کرنے کے لیے ساحلی علاقوں، پارکوں اور کھلے مقامات کا رخ کیا اور اس یادگار لمحے کو کیمروں کی آنکھ میں محفوظ کیا۔
نئے سال کے آغاز پر ملک بھر کی مساجد میں ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، دعائیں کی گئیں کہ اللہ تعالی پاکستان کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کرے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے، دنیا بالخصوص پاکستان کو امن و استحکام کا گہوارہ بنا دے۔
دوسری جانب جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث شہری نئے سال کا سورج نہ دیکھ سکے، تاہم بارش کو قدرت کی جانب سے بڑی نعمت قرار دیا جا رہا ہے، چار ماہ کی خشک سالی کے بعد برسنے والی بارانِ رحمت کو نئے سال کی دوسری بڑی خوشخبری کہا جا رہا ہے۔
صبح سویرے گرج چمک کے ساتھ ہونے والی شدید بارش سے شہر جل تھل ہو گئے، پارکس اور درخت دھل گئے اور فضا میں تازگی پھیل گئی۔
خاص خبریں
پاکستان میں 2026 کا پہلا سورج بہتر مستقبل کی امیدوں اور دعاؤں کے ساتھ طلوع
- by Daily Pakistan
- جنوری 1, 2026
- 0 Comments
- Less than a minute
- 13 Views
- 7 گھنٹے ago

