کورونا ویکسین تیار کرنے والی تین بڑی کمپنیوں موڈرنا، فائزر اور بائیو این ٹیک کے مابین قانونی جنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق موڈرنا نے فائزر اور بائیو این ٹیک کے خلاف امریکا کی ضلعی عدالت ریاست میساچوسٹس میں اور جرمنی میں ڈوسلڈورف کی مقامی عدالت میں مقدمات دائر کر دیے ہیں۔
موڈرنا نے یہ مقدمات کمپنی کا فارمولا اور ‘ایم آر این اے ٹیکنالوجی’ مبینہ طور پر چرانے پر دائر کیے ہیں۔
موڈرنا نے الزام لگایا ہے کہ فائزر اور بائیو این ٹیک نے کورونا ویکسین بنانے کے لیے ہماری ایم آر این اے ٹیکنالوجی کی چربہ سازی کی اور بغیر اجازت لیے استعمال کی۔
کمپنی نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ وہ اس ٹیکنالوجی پر 2010 سے 2016 تک کام کرتی رہی ہے، اس نے اربوں ڈالر خرچہ کیا ہے اور اسی سے کام لے کر ویکیسن تیار کی ہے، سو مقابل کمپنیاں ہونے والے نقصان کا جرمانے کی صورت میں ازالہ کریں۔
موڈرنا کا کہنا ہے کہ یہ مقدمات ایم آر این اے ٹیکنالوجی کو تحفظ دینے کے لیے دائر کیے گئے ہیں، کیوںکہ یہ اربوں ڈالر لگا کر تیار کی گئی تھی۔