بلوچستان میں غصے میں مبتلا زمینداروں نے قیمتیں کم ہونے کے خدشے کے پیش نظر ایران سے درآمد ٹماٹر پکڑ کر ضائع کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق ہمسایہ ملک سے ٹماٹر لانے والے کنٹینر کو قلات کے علاقے منگچر میں زمینداروں نے روک لیا، زمینداروں نے ٹماٹر کی بڑی مقدار کنٹینر سے اتار کر سڑک پر پھینک کر ضائع کر دیے۔
زمینداروں کا کہنا تھا کہ غیر ملکی ٹماٹر آنے سے مقامی ٹماٹر کی قیمتیں کم ہو جائیں گی۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ایران اور دیگر ممالک سے ٹماٹر، پیاز اور دیگر زرعی اجناس امپورٹ کرنا بند کرے۔
کلات کے علاقہ منگچر بلوچستان میں ایران سے درآمد ٹماٹر اور پیاز مافیا کے ہاتھوں ضائع تاکہ بعد میں مہنگے دام بیچے جا سکیں pic.twitter.com/djTlkAR0EY
— Foreign Player (@ForeignPlayer21) September 9, 2022
مشیر داخلہ کے انتخابی حلقے میں ٹماٹر سڑک پر پھینکنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں ایک کنٹینر سے ٹماٹر کے کریٹ اتار کر سڑک پر پھینکے جا رہے ہیں۔
گزشتہ روز قلات، خالق آباد منگچر میں زمینداروں نے بیرون ملک سے پیاز ٹماٹر و دیگر اجناس کی درآمد کے خلاف جوہان کراس بازار میں دھرنا دے کر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بلاک کر دی تھی۔
رکاوٹ سے شاہراہ کے دونوں طرف سینکڑوں گاڑیاں اور ہزاروں مسافر پھنس گئے تھے، گرمی کی وجہ سے خواتین اور بچے مشکلات سے دو چار ہوئے، اور اس دوران انتظامیہ غائب رہی۔