تل ابیب:اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران نے ایٹمی منصوبے کی دوبارہ کوشش کی تو ناکام بنائیں گے۔نیتن یاہو نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ وجود کیلئے دو خطروں، ایٹمی اور میزائل منصوبے کو ختم کر دیا، ایران کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی جو نسلوں تک یاد رہے گی۔اسراِئیل کو آج تک وائٹ ہاس میں ٹرمپ سے بہتر کوئی دوست نہیں ملا، ہم حماس کو شکست دیں گے اور غزہ سے زندہ اور مردہ یرغمالیوں کو واپس لائیں گے۔دوسری جانب ادھر امریکی صدر کے خصوصی مندوب برائے مشرق وسطی اسٹیو وٹکوف نے کہا ہے کہ امریکا ایٹمی پروگرام پر مستقبل میں کسی بھی معاہدے کے تحت ایران کو یورینیم افزدوہ کرنے نہیں دے گا۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں اسٹیو وٹکوف نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی پہلے ہی ایران سے بات چیت میں شامل ہے، امید ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جامع امن معاہدہ ہو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکی حملے کا مقصد تہران کو یورینیم کی افزودگی سے روکنا تھا اور صدر ٹرمپ کو علم تھا کہ حملہ کس وقت کرنا ہے۔