پاکستان

شور شرابہ، فتنہ اور گالم گلوچ کی سیاست کارکردگی سے دفن ہو گئی: مریم نواز

شور شرابہ، فتنہ اور گالم گلوچ کی سیاست کارکردگی سے دفن ہو گئی: مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ شور شرابہ، فتنہ اور گالم گلوچ کی سیاست کارکردگی سے دفن ہو گئی، دنیا میں اپنی چھت اپنا گھر جیسے ماڈل کی مثال دی جائے گی۔
اپنی چھت اپنا گھر، بلاسود قرض فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ بہت خوش ہوں کہ اللہ نے آج مجھے آپ سے ملاقات کا شرف بخشا، سب کو اپنی چھت اپنا گھر بہت بہت مبارک ہو، اللہ نے مجھے آپ کی خدمت کی توفیق دی۔
مریم نواز نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ پنجاب حکومت ہر روز نیا منصوبہ لانچ کرتی ہے یہ بات بالکل سچ ہے، اپنی چھت اپنا گھر منصوبہ میرے دل کے بہت قریب ہے، کل کوئی یہ نہیں کہے گا کہ کرایہ دو ورنہ گھر خالی کرو، بچوں کیلئے گھر بنانا ہر ماں باپ کی کوشش ہوتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 7 ماہ کی قلیل مدت میں 64 ہزار قرضے دیئے جا چکے ہیں، تمام 64 ہزار افراد کو گھر بنانے کیلئے بلاسود قرض دیئے ہیں، اللہ سب کو اپنی چھت اپنے گھر میں سکون والی زندگی دے، تقریبا ً 45 ہزار گھر زیر تعمیر اور 9 ہزار گھر بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر سکیم میں اپلائی کیلئے ہزاروں کالز موصول ہوئیں، ہزاروں کالز تو نہیں سن سکیں لیکن سیکڑوں کالز خود سنی ہیں، یہ صرف گھر نہیں بلکہ 64 ہزار داستانیں ہیں، اگست کے آخر تک یہ 64 ہزار قرض 75 ہزار تک پہنچ جائیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف نے بھی گھر بنائے اور لوگوں کو دیئے، پنجاب میں بہت سارے خاندان ایسے ہیں جن کے پاس اپنے گھر نہیں، ماہانہ 35 ہزار کمانے والا اپنا گھر نہیں بناسکتا، پوری دنیا میں اپنی چھت اپنا گھر جیسے ماڈل کی مثال دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 7 ماہ کی قلیل مدت میں 64 ہزار گھر کبھی نہیں بنے، کوئی شخص ہاتھ کھڑا کرکے بتادے کہ اس کو سفارش پر یہ قرض ملا ہے، ہم پر یہ الزام لگتا ہے کہ یہ لاہور کو پورا پنجاب سمجھتے ہیں یہ درست نہیں، پنجاب کے تمام شہروں میں اپنی چھت اپنا گھر سکیم کے تحت قرض دیئے جا رہے ہیں، کوشش کروں گی 5 سال میں 5 لاکھ سے زائد گھر دے کر جاؤں۔
انہوں نے کہا کہ کوشش کروں گی ہر سال ڈیڑھ لاکھ گھروں کا ٹارگٹ پورا کروں، 6 ماہ میں 50 ہزار بلاسود قرض کسی حکومت نے نہیں دیئے، 100 فیصد میرٹ پر یہ بلاسود قرض دیئے گئے ہیں، محنت کشوں اور مزدوروں نے اپنے گھر بنائے ہیں، جو مزدور کسی کے گھر کی اینٹیں اٹھاتے تھے آج وہ اپنی گھر کی اینٹیں لگا رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ وزیراعلیٰ بنی تو وعدہ کیا تھا یہ گھر آپ کو دوں گی، آپ کو کہا تھا 15 لاکھ قرض پر ماہانہ 14 ہزار قسط دینی ہے، ایک ہزار ملین کی قسطیں موصول ہوچکی ہیں، جو کل کسی کے گھر کی اینٹیں اٹھاتے تھے آج انہوں نے اپنے گھر کی چابی اٹھائی ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پہلے بھی لوگ گھر دینے کے خواب دکھاتے رہے اور آپ دیکھتے رہے، اس حکومت پر سب کا اعتبار ہے، ہم نے قرض دیتے وقت ڈھنڈورا نہیں پیٹا، 45 ہزار گھر زیر تعمیر اور 9 ہزار مکمل ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس کے پاس 1 مرلے سے لے کر 10 مرلے تک زمین تھی اس کو قرض ملا اور اس نے گھر بنالیا، جن لوگوں کے پاس زمین نہیں ان کیلئے اپنی زمین اپنا گھر کی سکیم لا رہے ہیں، میں 2 ہزار پلاٹس دینے سے شروعات کر رہی ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے