پاکستان خاص خبریں

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا کرسمس 2022 کے موقع پر پیغام

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا کرسمس 2022 کے موقع پر پیغام

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کرسمس 2022 کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسیحی بہن بھائیوں کو کرسمس 2022 کی خوشیاں مبارک ہوں. کرسمس کا تہوار آفاقی محبت و اخوت، برداشت اور ایثار کا درس دیتا ہے جو کسی بھی معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ پیغمبرِ خدا حضرت عیسی علیہ السلام نے انسانیت کے دکھوں پر مرہم رکھا اور اللہ تعالی کے پیغام کو پوری انسانیت تک پہنچایا. امن، بھائی چارہ، رواداری اور برداشت کا درس دیتے ہوئے آپ نے پوری انسانیت کی دنیاوی و اخروی زندگی سنوار دی۔ آپ کی اخلاقی تعلیمات اور راہنمائی ہم سب کے لئے مشعل راہ ہیں۔اکیسویں صدی کے انسان کو حضرت عیسی کے انسانی ہمدردی، محبت، رواداری اور بھائی چارے کے پیغام پر عمل کی ضرورت ہے. پوری دنیا میں گزشتہ کچھ دہائیوں میں مذہبی عدم برداشت کی لہر نے زور پکڑا ہے جس کے تدارک کیلئے بنی نوع انسان کو مذاہب کے بھائی چارے اور مذہبی رواداری کے پیغام پر عملدرآمد کی ضرورت ہے. عالمی سطح پر اقوامِ عالم کو حضرت عیسی کے محبت کے پیغام کو مشعلِ راہ بنا کر نفرت کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنا ہوگا تاکہ دنیا امن کا گہوارہ بن سکے. تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کی مسیحی برادری نے ملک کی تعمیر و ترقی، ملکی دفاع، عدلیہ الغرض ہر شعبے اور علم و عمل کے ہر میدان میں اپنا مثبت کردار ادا کیا. پاکستان کی بقاء کی خاطر مسیحی برادری کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں. قائدِ اعظم محمد علی جناح کے پاکستان میں ہر شخص کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے. آئینِ پاکستان اقلیتوں کو خصوصی تحفظ فراہم کرتا ہے جہاں نہ صرف انکو برابری کے حقوق دیئے گئے ہیں بلکہ انکو عبادت کی مکمل آزادی اور انکی عبادت گاہوں کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے. پاکستان اس وقت تاریخ کے ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے جہاں ہم سب کو ایک قوم بن کر کر اس کی ترقی و خوشحالی کیلئے شبانہ روز محنت کرنی ہے. یہ ملک ہم سب کا ہے. آئیں، کرسمس کے موقع پر ہم پاکستان کو مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی مثال بنا کر امن کا گہوارہ بنائیں اور اس کو ان مشکلات سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

güvenilir kumar siteleri