آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت ہو رہی ہے۔آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین سائفر کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔سماعت کے آغاز پر جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سوال کیا کہ کیا اڈیالہ جیل میں ٹرائل کا کوئی نوٹیفکیشن آیا ہے؟اس پر عدالتی عملے نے جواب دیا کہ ابھی تک جیل میں ٹرائل کا کوئی نوٹیفکیشن نہیں آیا ہے۔جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ جیل میں ٹرائل کا نوٹیفکیشن آجائے پھر دیکھ لیتے ہیں۔عدالت میں وکیل صفائی علی بخاری نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی حد تک کوئی رپورٹ نہیں، انہیں تو پیش کریں۔بیرسٹر تیمور ملک نے کہا کہ عدالتی حکم پر چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو آج عدالت پیش کرنا چاہیے تھا۔جج ابولحسنات ذوالقرنین نے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ گزشتہ سماعت کا فیصلہ پڑھیں۔بعدازاں آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کا سائفر کیس کی گزشتہ سماعت کا آرڈر پڑھا گیا۔جج ابولحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ جیل میں ٹرائل کا نوٹیفکیشن آجائے تو ہم دیکھ لیتے ہیں، جیل میں ٹرائل کا نوٹیفکیشن نہیں آیا تو ہم پروڈکشن آرڈر کروائیں گے۔اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے کہا کہ وزارتِ قانون کے نوٹیفکیشن کا آج انتظار کرلیں۔سماعت کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنیں اور شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہربانو جوڈیشل کمپلیکس پہنچی ہیں۔یاد رہے کہ رواں ہفتے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل کی سیکیورٹی رپورٹ کی روشنی میں سائفر کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔اس اوپن ٹرائل میں میڈیا، عوام اور ملزمان کی فیملیز کے پانچ پانچ ارکان کو بھی ٹرائل دیکھنے کی اجازت ہے۔واضح رہے کہ وفاقی کابینہ بھی سابق وزیراعظم کے خلاف سائفر کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے کی منظوری دے چکی ہے۔
پاکستان
چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف سائفر کیس کی سماعت
- by Daily Pakistan
- دسمبر 1, 2023
- 0 Comments
- Less than a minute
- 821 Views
- 12 مہینے ago