وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بجلی کے لائف لائن اور کم کھپت والے صارفین پر بِلوں کا کم سے کم بوجھ ڈالنے کی ہدایت کر دی۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کو بجٹ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مہنگے درآمدی ایندھن پر انحصار کم کر کے مرحلہ وار متبادل ذرائع سے بجلی کے نئے منصوبے شروع کیے جائیں جب کہ بجلی کے لائف لائن اور کم کھپت والے صارفین پر بِلوں کا کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ ہدایت توانائی شعبے کے حوالے سے بجٹ تجاویز پر اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن کی بِڈنگ کے چار مرحلے مکمل کیے جا چکے جس کے بعد متعدد عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ برآمدی صنعتوں کو بلاتعطل گیس اور بجلی فراہم کرنے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔وزیرِ اعظم نے ان اقدامات کو حتمی شکل دے کر بجٹ میں شامل کرنے کی ہدایات جاری کیں اور کہا آئندہ بجٹ میں لائن لاسز اور بجلی چوری کے سدباب کیلئے مؤثر اقدامات، وِنڈ اور شمسی توانائی کے منصوبے شامل کئے جائیں۔پاور ٹرانسمیشن کے منصوبوں کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے، لائن لاسز اور بجلی کی چوری کے سدباب کیلئے آئندہ بجٹ میں ٹرانسفارمر میٹرنگ منصوبے کو شامل کیا جائے، ملک بھر میں جاری سولرائزیشن کے منصوبوں کی رفتار کو تیز کیا جائے، برآمدی صنعتوں کی ترجیحی بنیادوں پر توانائی کی ضروریات پوری کی جائیں۔ بجٹ میں پن بجلی کے جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کو ترجیح دی جائے۔علاوہ ازیں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے اجلاس میں وزیر اعظم نے آئی ٹی کے شعبہ میں فکسڈ ٹیکس رجیم لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کیلئے بڑے پیکج کی تیاری کی ہدایت کی ہے۔اجلاس میں آئی ٹی برآمدات بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے فکسڈ ٹیکس رجیم کیلئے کمیٹی تشکیل دی اور ہدایت کی کہ کمیٹی فوری طور پر اپنی سفارشات پیش کرے۔
خاص خبریں
آئی ٹی سیکٹر پر فکسڈ ٹیکس، بجلی کے چھوٹے صارفین پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے، شہباز شریف
- by Daily Pakistan
- جون 7, 2023
- 0 Comments
- Less than a minute
- 361 Views
- 2 سال ago