وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ حکومت کے متحدہ عرب امارات سے 2 ارب ڈالر کے قرض کی مدت میں توسیع (رول اوور) کے معاملے پر رابطے جاری ہیں، اس سلسلے میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بیرونی مالیاتی خلا مکمل پُر کیا جا چکا ہے اور اس حوالے سے کوئی ابہام نہیں، بیرونی مالی ضروریات پر آئی ایم ایف سے پروگرام کے آغاز میں بات چیت ہو چکی ہے اور آئندہ مذاکرات میں بھی اس کا جائزہ لیا جائے گا۔
متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور چین نے 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اسٹیٹ بینک میں مجموعی طور پر 12.5 ارب ڈالر کے ڈپازٹس پروگرام کی مدت ستمبر تک برقرار رکھنے کا عزم کر رکھا ہے، تاہم ذرائع کے مطابق اس بار یو اے ای نے قرض کی مدت میں صرف ایک ماہ کی توسیع کی تھی جبکہ مزید توسیع کے بارے میں باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
گزشتہ دسمبر میں گورنر اسٹیٹ بینک نے یو اے ای سے 2.5 ارب ڈالر قرض 2 سال کے لیے رول اوور کرنے اور شرح سود 6.5 فیصد سے کم کرکے 3 فیصد کرنے کی درخواست کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوری میں گزشتہ توسیع کے وقت اماراتی حکام نے عندیہ دیا تھا کہ یہ آخری توسیع ہوگی۔

