اسلام آباد:افغان طالبان نے ایک بار پھر سرحدی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان پر بلااشتعال فائرنگ کی جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جواب دیا، پاک فوج کے غضب للحق کے تحت آپریشن میں دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور اب تک 133 افغان طالبان ہلاک، اور 200 سے زائد کارندے زخمی ہیں، جبکہ متعدد چیک پوسٹوں کو نشانہ بناکر تباہ کیا جاچکا ہے۔وزارت اطلاعات و نشریات نے اپنے بیان میں بتایا کہ افغان طالبان رجیم نے پاک افغان سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کی جس پر سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی کارروائی کا بھرپور جواب دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تازہ فضائی حملوں میں کابل میں دو بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کیے گئے، جبکہ کارروائیوں کے دوران دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قندھار میں فضائی حملے کے دوران ایک کور ہیڈ کوارٹر اور ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا، جبکہ ایمونیشن ڈیپو اور لاجسٹک بیس بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔
افغان صوبے ننگرہار میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے ایک بڑا ایمونیشن ڈپو تباہ کر دیا۔مزید بتایا گیا کہ پکتیا میں ہونے والی کارروائی میں ایک کور ہیڈ کوارٹر کو بھی مؤثر فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔
پاکستان نے جنوبی وزیرستان کے مقابل افغانستان کے پکتیا کے علاقے میں پانچ افغان پوسٹوں پر قبضہ کر کے پاکستان کا جھنڈا لہرا دیا گیا۔ قبضے میں آنے والی پوسٹوں میں دو شوال کے مقابل، دو انگور اڈہ کے مقابل اور ایک زرملان کے مقابل میں ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے مؤثر کارروائی کے دوران انگور اڈہ کا افغانی ٹرمینل بھی تباہ کر دیا۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے بھرپور اور طاقتور جواب میں افغان طالبان فورسز کو بھاری نقصان کا سامنا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج نے پاک افغان سرحد پر خوست میں افغان طالبان کی متعدد اہم پوسٹس کو مکمل تباہ کر دیا، پاکستان کی فیصلہ کن کارروائی کی بعد افغان طالبان فوج نے متعدد بار پوسٹوں پر سفید جھنڈا بھی لہرایا۔
سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان فورسز کو آرٹلری اور کوارڈ کاپٹر کے ذریعے مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن غضب للحق کے تحت جوابی حملوں میں اب تک 133 افغان خارجی جہنم واصل ہو گئے ہیں اور 200 سے زائد زخمی ہیں۔پاک فوج نے 27 پوسٹیں مکمل طور پر تباہ کر دی ہیں جبکہ 9 افغان پوسٹوں پر قبضہ کر لیا ہے.
موثر جوابی کارروائی میں 50 سے زائد ٹینکس، آرٹلری گنز اور اے پی سیز تباہ کر دیا گیا۔
وزارت اطلاعات کے مطابق افغان طالبان حکومت کی جانب سے پاک افغان سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ کا فوری اور موثرجواب دیا گیا۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ افغان طالبان نے کے پی کے مختلف سرحدی علاقوں پر بلااشتعال فائرنگ کی جس پر فوری اور موثر جواب دیا جا رہا ہے۔وزارت اطلاعات افغان طالبان نے چترال، خیبر، مہمند، کرم اور باجوڑ میں سرحدی خلاف ورزی کی، پاکستان کے جواب پر افغانستان کو بھاری جانی نقصان ہوا جبکہ متعدد چیک پوسٹیں تباہ ہوگئیں۔
سیکیورٹی فورسز کے جاری کامیاب آپریشن ضرب للحق میں ہزیمت کے بعد افغان طالبان نے سول آبادی پر حملے شروع کر دیئے۔گزشتہ رات باجوڑ کے سرحدی علاقوں لغڑئی اور گرد و نواح میں سرحد پار سے فائر کیے گئے مارٹر گولے گرنے کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے، جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر خار اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔شیلنگ کے باعث ایک مقامی مسجد کی چھت اور دیگر حصوں کو بھی نقصان پہنچا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلا اشتعال افغان جارحیت کا پاکستان کی سیکیورٹی فورسز پوری طاقت سے منہ توڑ جواب دی رہی ہیں، پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جوابی کاروائی سے افغان طالبان کے ٹھکانے تباہ اور خوارج بھاگ کھڑے ہوئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق چترال سیکٹر پر افغان طالبان کی چیک پوسٹ کو پاکستانی سکیورٹی فورسز نے نہایت درستگی سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا جبکہ ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر ، ضلع مہمند اور ارندو سیکٹر چکوال بھرپور جواب دیا گیا۔
اس کے علاوہ سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں افغان طالبان کی 2 چوکیاں تباہ کر دیں۔ سیکیورٹی فورسز نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز سرحد کی حفاظت اور کسی بھی قسم کی جارحیت کے خلاف سخت اور فوری جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے افغان جانب سے جارحیت پر فوری ٹینکوں کا استعمال کرتے ہوئے طالبان کی کئی پوسٹیں تباہ کردیں جبکہ متعدد ہلاکتیں ہوئیں ہیں۔
طورخم بارڈر پر افغان طالبان کی بلااشتعال جارحیت کے بعد پاک فوج نے مؤثر اور منہ توڑ جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو پسپا کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی افواج کے بھرپور ردعمل کے باعث افغان طالبان دم دبا کر فرار ہو گئے۔سیکیورٹی فورسز کےمؤثر جواب کے بعد مہمند سیکٹر کے قریب افغان طالبان چوکیاں چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان تورخم بارڈر سے ٹرکوں پر سامان لاد کر علاقے سے نکل گئے، جبکہ پاکستانی فورسز نے سرحدی دفاع کو مزید مضبوط کر دیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے آرٹلری فائر سے افغان طالبان رجیم کا سیکٹر ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا۔پاک افغان سرحد پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے انگوراڈہ کا ایک بڑا حصہ تباہ کر دیا.
سرحدی علاقے میں سیکیورٹی فورسز افغان طالبان فوج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنا رہی ہیں.پاک افغان سرحد پرولی خان سیکٹر میں پاک فوج نے ایک اور افغان پوسٹ کو مسمار کردیا۔
باجوڑ سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام، دہشت گرد زندہ گرفتارباجوڑ سیکٹر کے قریب پاک-افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک دہشتگرد کو بارڈر کراس کرنے کی کوشش کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زندہ گرفتار کر لیا۔

