- الإعلانات -

نائیجر میں بوکو حرام کے حملے میں 12 فوجی اہلکار ہلاک اور 10 زخمی

نیامے: افریقی ملک نائیجر میں فوجی اڈے پر شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے جنگجوؤں نے دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 12 اہلکار ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حملہ بلابرائن ملٹری بیس پر کیا گیا، حملہ اتنا اچانک تھا کہ اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا تاہم جوابی کارروائی میں 7 حملہ آوروں کو مارنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

اسپتال انتظامیہ نے میڈیا کو بتایا کہ حملے میں 12 اہلکار ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں سے 4 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
نائیجر کے وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں بھی فوجی اڈے پر حملے میں اہلکاروں کی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے حملہ کا ذمہ دار بوکو حرام کو ٹھہرایا گیا ہے جب کہ شدت پسند تنظیم بوکو حرام نے بھی حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔