- الإعلانات -

چین: تیل اور مال بردار بحری جہازوں میں تصادم، 14 افراد لاپتا

چین میں تیل اور مال بردار بحری جہازوں میں تصادم سے تیل بردار جہاز میں آگ لگ گئی جبکہ 14 افراد لاپتا ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ نے چین کے سرکاری میڈیا کا حوالہ دے کر بتایا کہ حادثہ شنگھائی کے قریب پیش آیا جس میں 14 افراد لاپتا ہیں۔

خیال رہے کہ تیل بردار بحری جہاز میں 3 ہزار ٹن تیل تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق حادثے کے فوراً بعد تیل بردار جہاز میں آگ لگ گئی تھی۔

سرکاری نشریاتی ادارے پر نشر ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کوسٹ گارڈ کے ہنگامی عملے نے حادثے کے فوراً بعد وہاں پہنچ کر آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن تیل بردار جہاز پانی میں ڈوب گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق شنگھائی کوسٹ گارڈ کے ہنگامی عملے نے 3 افراد کو بچا لیا۔

چینی میڈیا نے بتایا کہ 14 افراد تاحال لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش کے لیے ریسکیو کی کوششیں جاری ہیں۔

تاہم حادثے سے متعلق مزید معلومات فراہم نہیں کی گئی اور حادثے کی وجہ سے بھی نہیں بتائی گئی۔

خیال رہے کہ اگست 2017 میں مشرقی سنگاپور کے پانیوں میں امریکی جنگی جہاز اور ایک ٹینکر میں ہونے والے تصادم کے نتیجے میں امریکی بحریہ کے عملے کے 10 افراد لاپتہ جبکہ 5 زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل جون 2017 میں امریکی جہاز یو ایس ایس فٹز جیرلڈ اور فلپائن کی کارگو شپ میں ہونے والے تصادم میں 7 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس حادثے کا نشانہ بننے والے 19 سے 37 سال کی درمیانی عمر کے افراد کی لاشیں ایک روز بعد غوطہ خوروں نے نکالی تھیں۔