ایران نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر پانچواں میزائل حملہ بھی کر دیا، ایران اب تک 200 سے زیادہ میزائل داغ چکا ہے، اسرائیل میں اب تک 7 ہلاک اور 90 زخمی ہوئے ہیں، متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔
اسرائیل نے ایرانی دارالحکومت میں ایک رہائشی کمپلیکس پر حملہ کر کے درجنوں افراد شہید کر دیے، سرکاری ٹی وی کے مطابق حملے میں 20 بچوں سمیت کم از کم 60 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
اسرائیلی فضائی حملہ تہران کے ایک مصروف اور گنجان آباد علاقے میں کیا گیا، جہاں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا، حملے کے فورا بعد ریسکیو ادارے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، متعدد افراد ملبے تلے دبے رہنے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔
ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا ہے، ایرانی عوام اور حکومت کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے جبکہ عالمی سطح پر بھی اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ایرانی فوج نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ حملوں میں تقریبا دو ہزار میزائل اسرائیل کی جانب داغے جائیں گے اور خبردار کیا کہ ہمارے میزائل حملے سابقہ حملوں کے مقابلے میں بیس گنا زیادہ شدید ہوں گے، ایرانی پاسداران انقلاب نے بھی اعلان کیا ہے کہ جب تک ضرورت محسوس ہوگی، اسرائیل کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ایران کے رہبرِ اعلی آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ اب اسرائیل کو بھاگنے نہیں دیں گے، آغاز اسرائیل نے کیا، اختتام ہم لکھیں گے۔
ایران کے اسرائیل کے خلاف تازہ حملے کے بعد مقبوضہ گولان، گلیلی، حیفہ اور تبریسی میں سائرن بجنا شروع ہوگئے، ایرانی فوج نے شمال مغربی سلماز بارڈر پر اسرائیلی ڈرون مار گرائے، ایرانی فوج نے کئی اسرائیلی ڈرونز کو پیچھے دھکیل دیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب کے علاقے شیفیلہ میں ایرانی میزائل حملے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے متعدد ڈرونز مار گرائے، ایران سے ڈرون حملے کے بعد اسرائیل کے مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن بھی بجے۔
ادھر ایرانی میڈیا نے مزید دو فوجی کمانڈرز کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیل کے حملوں میں ملٹری آپریشنز کے ڈپٹی چیف جنرل مہدی ربانی شہید ہوئے،اس کے علاوہ جنرل اسٹاف کے ہیڈ آف انٹیلیجنس جنرل غلام رضا محرابی بھی شہید ہوگئے۔
اس سے پہلے ایران کی جانب سے اسرائیل پر چوتھا میزائل حملہ کیا گیا، یروشلم، تل ابیب اور شیرون کے علاقوں میں دھماکے ہوئے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق گشن دان میں2 ایرانی میزائل گرنے کی اطلاعات ہیں، ایرانی میڈیا نے دعوی کیا کہ ایرانی حملے میں 63 افراد زخمی جبکہ 7 افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
چوتھے حملے میں کم از ایک میزائل اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے عین وسط میں گرا جس میں اسرائیلی جوہری تحقیق مرکز کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا گیا۔
واضح رہے کہ ایران نے اسرائیل پر پانچواں میزائل حملہ شروع کر دیا ہے جس کے بعد تل ابیب اور یروشلم میں دھماکے ہوئے ہیں، امریکی سفارتخانے کے ارکان پناہ گاہ میں چلے گئے ہیں، تل ابیب سائرن سے گونج اٹھا ہے، شہری بنکروں میں چلے گئے ہیں۔
ایرانی حملے میں اسرائیلی فوجی ہیڈکوارٹر کریا کی عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی صحافی ایلون مزراہی نے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ ایرانی حملے میں تل ابیب میں واقع اسرائیلی فوجی ہیڈکوارٹر کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، کریا ہیڈکوارٹر میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو فوجی بریفنگ لیتے رہے ہیں۔
تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے جن میں عمارتوں سمیت 7 مقامات کو نشانہ بنایا گیا جس سے 9 عمارتیں مکمل تباہ ہوگئیں اور سیکڑوں اپارٹمنٹس کو بھی نقصان پہنچا اور بجلی کا نظام مفلوج ہو گیا۔
تل ابیب میں حملوں کے بعد متعدد عمارتوں کو آگ لگ لگی، دھویں کے بادل چھا گئے، مقبوضہ بیت المقدس میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئیں، اسرائیل بھر میں سائرن بج اٹھے، کئی علاقوں میں بجلی بند ہوگئی، میزائل حملوں کے بعد اسرائیلی شہری بنکرز میں چھپ گئے۔
ایرانی میڈیا نے بتایا کہ اسرائیل کی ڈیفنس منسٹری کے ہیڈ آفس کے باہر بھی دھماکا ہوا، اسرائیل میں150اہداف کو نشانہ بنایا، اسرائلی ڈیفنس فورس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایران نے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل داغ دیئے۔
واضح رہے کہ ایران کی جانب سے 2 اسرائیلی طیارے مار گرانے اور خاتون پائلٹ کو گرفتار کرنے کا دعوی بھی کیا گیا ہے، جوابی حملے کے بعد ایرانی شہری سڑکوں پر نکل آئے، ملک بھر میں جشن کا سماں رہا، یمن، غزہ اور لیبیا میں بھی شہریوں نے جشن منایا۔
خبرایجنسی کے مطابق اسرائیل کے بھی ایران پر حملے نہ تھمے، ایرانی دارالحکومت تہران ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا، تہران میں 4 خوفناک دھماکے رپورٹ ہوئے، اسرائیل کی جانب سے تہران کے مہر آباد ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ پہلے ایرانی حملے میں 100، دوسرے میں 50 اور تیسرے حملے میں بھی تقریبا 50 میزائل شامل تھے، تجزیہ کاروں کے مطابق یہ حملے خطے میں وسیع جنگ کا پیش خیمہ بن سکتے ہیں۔
حماس رہنما عزت الرشق نے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر کامیاب حملے کیے، اسرائیلی دفاعی نظام ناکام ہو گیا، اسرائیل کو اپنے بھڑکائے گئے شعلوں کا سامنا ہے، ایران کا پوری طاقت سے جواب جارحیت کے خلاف سخت ردعمل کی علامت ہے۔
اقوام متحدہ میں مسئلہ فلسطین پر ہونے والی کانفرنس منسوخ کر دی گئی۔فرانس اور سعودی عرب کی جانب سے فلسطین کے دو ریاستی حل کیلئے اقوام متحدہ میں کانفرنس منعقد ہونی تھی، کانفرنس اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں 17 سے 20 جون کو طے تھی۔
اسرائیلی اہلکار نے ایران کی عسکری اور جوہری تنصیبات پر اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد ایران کی جانب سے 2 اسرائیلی لڑاکا طیارے مار گرائے جانے کی خبروں کو جعلی قرار دے کر مسترد کر دیا۔
اسرائیلی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ ایرانی فضاں میں ہمارے 2 جنگی طیارے مار گرائے جانے کی جو خبریں گردش کر رہی ہیں وہ جعلی ہیں۔
خاص خبریں
ایران کا بھرپور جواب، اسرائیل دھماکوں سے گونج اٹھا، 7 ہلاک، متعدد عمارتیں تباہ
- by Daily Pakistan
- جون 14, 2025
- 0 Comments
- Less than a minute
- 51 Views
- 2 دن ago