پاکستان خاص خبریں

حج 2026 کے لیے بائیو میٹرک جمع کرانے کی آخری تاریخ آ گئی

حج 2026 کے لیے بائیو میٹرک جمع کرانے کی آخری تاریخ آ گئی

اسلام آباد: وفاقی وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2026 کے عازمین کی بائیو میٹرک تصدیق کی آخری تاریخ کا اعلان کردیا۔

وزارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تمام عازمین حج ویزہ پروسیسنگ کے لیے 8 فروری تک بائیو میٹرک عمل مکمل کریں بصورت دیگر حج ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔

اے پی پی کے مطابق وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ حج ویزہ جاری کرنے کے لیے بائیو میٹرک تصدیق لازمی شرط ہے اور اس مرحلے پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

ترجمان نے کہا کہ عازمین حج اپنی سہولت کے لیے اپنے متعلقہ بینکوں سے رہنمائی اور مدد بھی حاصل کر سکتے ہیں جہاں تربیت یافتہ عملہ مکمل طریقہ کار کی وضاحت میں ان کی مدد کرے گا۔

وزارت نے کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی جدید سعودی ویزا بائیو ایپ عازمین حج کے لیے سب سے آسان اور ترجیحی طریقہ ہے، اس ایپ کو موبائل پلے اسٹور سے باآسانی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ حجاج کرام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ای میل کے ذریعے ایپ پر رجسٹر ہوں، اپنا پاسپورٹ اسکین کریں، سیلفی اپ لوڈ کریں اور دونوں ہاتھوں کے فنگر پرنٹس کی تصدیق کریں۔ تمام مراحل مکمل کرنے کے بعد، عازمین کو ایک تصدیقی ای میل موصول ہوگی، جسے آئندہ حج کے عمل کے لیے محفوظ رکھنا ہوگا۔

وزارت کے مطابق، کچھ عازمین کو ایپ کے ذریعے اپنے فنگر پرنٹس کے اندراج یا تصدیق کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایسے عازمین کی سہولت کے لیے ملک بھر میں 6 تشیری مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں پر بائیو میٹرک تصدیق کا عمل مکمل کیا جا سکتا ہے۔ یہ مراکز اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، ملتان اور کوئٹہ میں قائم ہیں۔

تشر مراکز اسلام آباد میں عوامی ٹریڈ سینٹر G-9، لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب دی انٹرپرائز بلڈنگ، کراچی میں FTC بلڈنگ شاہراہ فیصل، پشاور میں الحاج ٹاور یونیورسٹی روڈ، ملتان میں کرسٹل مال بوسن روڈ اور کوئٹہ میں معمر پلازہ کھوجک روڈ پر واقع ہیں۔

وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ تشریع مراکز کے اوقات کار پیر سے جمعہ تک دوپہر ایک بجے سے شام پانچ بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔ حجاج کرام کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی یا تاخیر سے بچنے کے لیے آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر جلد از جلد بائیو میٹرک کا عمل مکمل کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے