وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ٹان شپ میں ماڈل بازار کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب ملک استحکام کی طرف جاتا ہے تو کسی نہ کسی کو تکلیف شروع ہوجاتی ہے، پتا نہیں کس کی نظر اس ملک کو لگ جاتی ہے، چند افراد کا ٹولہ بیٹھ کر ایسے فیصلے شروع کردیتا ہے جس سے ترقی کا سفر رک جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آئین کو ری رائٹ کیا ہے، ایک عمر عطا بندیال نے آئین کو ری رائٹ کیا تھا، ایک ہارا ہوا شخص قوم کا مجرم ہے، قوم پر جو آج تکالیف ہیں وہ اس کا ذمہ دار ہے، آپ ایک شخص کیلئے آئین کو ری رائٹ کر رہے ہیں، پی ٹی آئی نے جو مانگا ہی نہیں وہ ٹرے میں رکھ کر پیش کیا گیا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کو تین حکومتیں ملیں خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کئے، ایک شخص کو 4 سال حکومت ملی اس نے ملک کی وہ تباہی کی جس کی مثال نہیں ملتی، نوازشریف نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، آج آئی ایم ایف کو لانے والا وہی ہے جو اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہوا ہے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ججز سے عرض ہے اس ملک کو چلنے دیں، جس شخص کو آپ واپس لانا چاہتے ہیں وہ قوم کا مجرم ہے، ہم ان سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہماری حکومت 5 سال مکمل کرے گی، کوئی رخنہ ڈالنے کی کوشش کرے گا تو آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، خدارا اس ملک پر رحم کریں۔مریم نواز نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کو بیگناہ بنا کر پیش کیا جاتا ہے، آپ نے جو جرم کئے وہ ٹی وی پر سب نے دیکھے ہیں، ان کو جب موقع ملا انہوں نے خون اور آگ کا کھیل کھیلا، مجھے تکلیف ہوتی ہے میں بولوں گی، یہ ہمارا ملک ہے اس کی حفاظت میری اور قوم کی ذمہ داری ہے، جب تک ان عہدوں پر ہیں ہم ترقی کی نئی مثالیں قائم کرتے رہیں گے۔
پاکستان
سپریم کورٹ کا فیصلہ عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش ہے ، مریم نواز
- by Daily Pakistan
- جولائی 19, 2024
- 0 Comments
- Less than a minute
- 406 Views
- 7 مہینے ago