اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عدلیہ پہلے ہی پارلیمان کے اختیارات میں کافی مداخلت کرچکی ہے اب ہمیں عدلیہ کو پارلیمان میں مزید مداخلت سے روکنا ہوگا۔قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ملٹری کورٹس میں سویلین کے ٹرائل کا معاملہ عدالت عظمیٰ لے جایا گیا ہے، سابق دور حکومت میں 24 سے 25 لوگوں کو فوجی عدالتوں سے سزائیں سنائی، مجھے ابھی علم ہوا ہے ملٹری کورٹس میں ٹرائل کے حوالے سے درخواست پر سپریم کورٹ کا بینچ ٹوٹ گیا ہے لیکن اس کے نتائج آج یا کل سامنے آجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے یہ معاملہ اٹھایا ہے ان کے سیاسی مفادات ہیں، درخواست گزاروں کے اپنی اپنی جماعتوں کے ساتھ تحفظات ہیں، اسپیکر صاحب آپ بھی ان کو اچھی طرح جانتے ہیں، جن لوگوں کے خلاف ملٹری کورٹس میں ٹرائلز ہورہے ہیں ان جیسے جرائم ہماری تاریخ میں نہیں ملتے، ریاست ایسے جرائم کی متحمل نہیں ہوسکتی، شہیدوں کی نشانیوں کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا وہ سب نے دیکھا۔خواجہ آصف نے کہا کہ ایک شہید کے جسد خاکی کو تو ہمارے دشمن نے بھی عزت کے ساتھ ہمارے حوالے کیا تھا مگر ان لوگوں نے اس شہید کے مجسمے کے ساتھ کیا سلوک کیا؟ سیاسی مقاصد کے لیے ملک کی عزت اور وقار کو داؤ پر نہ لگائیں، آپ لوگ جارہے ہیں کوئی ورثہ چھوڑ جائیں تاکہ لوگ آپ کو اچھے الفاظ میں یاد کریں، جو ہمارے ملک کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں وہ ہمارے محسن ہیں، میں ایوان سے اپیل کرتا ہوں اپنی عزت کا تحفظ کریں، اس ایوان سے یہ پیغام جانا چاہئیے کہ ہم اپنی عزت و تکریم میں کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔وزیر دفاع نے کہا کہ ہماری تاریخ میں پہلے کبھی ایسے جرائم نہیں ہوئے، یہ نہیں معلوم کہ ابھی تک اس جرم میں کسی کا فوجی عدالت میں ٹرائل ہوا ہے کہ نہیں مگر یہ معلوم ہے کہ کچھ لوگوں کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل ہوگا اس دن بظاہر سیاسی کارکن نظر آنے والوں کو ترغیب چیئرمین تحریک انصاف نے دی۔انہوں نے کہا کہ شہیدوں کی یادگاروں کے ساتھ جو کچھ کیا گیا وہ دوبارہ بات کرنے میں بھی شرم آ رہی ہے، میانوالی میں جو کچھ ہوا اس کا دفاع کس طرح کریں گے، جی ایچ کیو پر حملہ کرنے والوں کی شناخت ہوچکی ہے کچھ بھاگے ہوئے ہیں، جو عدالت میں گئے ہیں ان میں سے ایک شخص کو سیاست میں ذوالفقار علی بھٹو نے اسپانسر کیا ان لوگوں سے اور عدلیہ سے اپیل ہے کچھ تو لحاظ کریں۔وزیر دفاع نے کہا کہ آپ تو جا رہے ہیں کچھ ورثہ چھوڑ جائیں یہ نہ ہو کہ آپ قصہ پارینہ بن جائیں، تاریخ آپ کو ڈیلیٹ کر دے گی، روز شہادتیں ہو رہی ہیں اس سے بڑھ کر کسی ریاست یا قوم کے خلاف کوئی جرم نہیں ہوگا کہ شہیدوں کی یاد اور آبرو کو وجہ تنازعہ بنایا گیا، اس ملک میں جب کسی کی جائیداد پر حملہ ہوتا ہے تو سب کو پتا ہے واگزار کرانے کے لیے کتنے پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں، عدلیہ نے ہمارے کچھ ایریا پر قبضہ کیا ہوا ہے یہاں سے صاف پیغام جانا چاہیے۔
پاکستان
عدلیہ کو پارلیمنٹ میں مزید مداخلت سے روکنا ہوگا، خواجہ آصف
- by Daily Pakistan
- جون 23, 2023
- 0 Comments
- Less than a minute
- 518 Views
- 2 سال ago