انٹرٹینمنٹ

سی پی این ای کا میڈیا سیفٹی اینڈ سیکیورٹی کمیٹی کی تشکیل کا اعلان

کراچی(پ ر)کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای)نے سال 2024-25کے لیے میڈیا سیفٹی اینڈ سیکیورٹی کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس کمیٹی کا چیئرمین اکرام سہگل کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ دیگر اراکین میں عامر محمود ، تزئین اختر، ذوالفقار احمد راحت، رضا رحمن ،عدنان ظفرسمیت بلحاظ عہدہ صدر سی پی این ای ارشاد عارف اور سیکریٹری جنرل اعجاز الحق شامل ہیں۔میڈیا سیفٹی اینڈ سیکیورٹی کمیٹی کا مقصدمیڈیا گروپس اور ان کے ملازمین کو سلامتی اور تحفظ سے متعلق درپیش مسائل پر کام کرکے ان کا حل تلاش کرنا اور دونوں کے لیے ذہنی سکون فراہم کرنا، میڈیا ہائوسزکولاحق خطرات کاجائزہ لیتے ہوئے ان کے حفاظتی اقدامات کا تجزیہ کرنا، میڈیاملازمین کواپنے تحفظ کی تربیت فراہم کرنا، ضرورت کے مطابق ممکنہ خطرات کی حد کا جائزہ لے کر میڈیا گروپس کے ملازمین کی تربیت کرنا۔ہنگامی صورت حال میں میڈیا کے لیے اچھی شہرت رکھنے والی سیکیورٹی کمپنیز کے ذریعے ہر شہر میں ڈیفنس اینڈ سیکیورٹی ٹاسک فورس قائم کرنا۔ تمام میڈیا ملازمین کوہنگامی حالات میں مدد طلب کرنے کے لیے خصوصی ہیلپ لائن نمبر فراہم کرنا۔ مجوزہ کنٹرول روم کی درخواست پر مخصوص میڈیا گروپ کی حرکات و سکنات کی نگرانی کرنا، جب کوئی میڈیا ملازم کنٹرول روم کو فرائض کی انجام دہی کے لیے مشکل حالات سے دوچار علاقہ میں جانے کے بارے میں بتائے تو اس میڈیا کارکن کی نقل و حرکت کی نگرانی کرنا۔میڈیا کو لاحق ممکنہ خطرات کو تواتر سے تجزیہ کرنا اور صورت حال کے مطابق اقدامات کرنا، ہنگامی صورت حال کے بعدکے اقدامات پر میڈیا ملازمین کی آگاہی اور تربیت کرنا ،اسپتال میں طبی امداد کی فراہمی کے لیے جامع میڈیکل انشورنس کور کا بندوبست کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے