پاکستان

عالمی رہنماؤں کی پاکستان کی مدد کی یقین دہانی، مشکل گھڑی سے نکل آئیں گے، وزیراعظم

عالمی رہنماؤں کی پاکستان کی مدد کی یقین دہانی، مشکل گھڑی سے نکل آئیں گے، وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی رہنماؤں نے پاکستان کی مدد کا یقین دہانی کرائی ہے، عالمی برادری اور پاکستانی اداروں کی کوششوں سے مشکل گھڑی سے نکل آئیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم  لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں، جنھیں حکومت کی امدادی کارروائیوں اور بحالی کی کوششوں کے بارے میں بتایا۔

وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک گفتگو کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی رہنماؤں کو موسمیاتی تبدیلی کے پاکستان پر اثرات اور پاکستان کے نقطہ نظر کے بارے میں بتایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عالمی رہنماؤں نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی مدد کی یقین دہانی کرائی ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ڈونرز کانفرنس کا انعقاد کرائیں گے اور بل گیٹس سے متاثرین بچوں کی خوراک کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام سے مدد لینے کی بات کی ہے۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری اور پاکستانی اداروں کی کوششوں سے ہم ان شا اللہ اس مشکل گھڑی سے نکل آئیں گے۔

اس موقع پر نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کے حکام نے بحالی کے کاموں کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے