اسلام آباد: سابق سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اگر ہم صادق اور امین نہیں ہیں تو جج بھی صادق اور امین نہیں ہیں۔سابق سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ بھارت میں ملک کی سلامتی اور سیکیورٹی ڈیفنس لائن کی جب بات آئی تو بھارتی سپریم کورٹ نے آئین اور قانون سے بالاتر ہو کر اپنے ملک کو ترجیح دی۔ ان کے عدالتی فیصلوں پر جتنی بھی تنقید کریں ، وہ جب اپنے ملک کا دفاع کرنے پر آتے ہیں تو سب چیزوں کو سیکنڈری کر دیتے ہیں اور پہلے ملک کو لاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ہر چیز پہلے اپنی ہے، پہلے آئین ہے، پہلے قانون ہے۔ ہم نے ڈیفنس لائن سائڈ پر لگا دی، ہم نے فوج کو کنارے پر لگا دیا، ہم نے ملٹری کورٹس کو کنارے پر لگا دیا۔ نجکاری ہونے جا رہی ہے، سٹیل ملز اور پی آئی اے نے اربوں کا نقصان کر دیا ہے۔ اس پر بھی میری اطلاع ہے کہ عدالت اس معاملے کو اٹھانے والی ہے۔سابق سینیٹر کا کہنا تھا کہ ریکوڈک میں عدالتی نظام اور اس کے فیصلوں نے اربوں ڈالر کا نقصان کیا ہے۔ پاکستان کی تباہی کے تاریخی فیصلے آئے۔ آپ نے کسی کو صادق امین کر دیا، کسی کو نااہل قرار دے دیا، یہ گورکھ دھندا ہے۔ آج پانچ کا بینچ نااہل اور سات کا بینچ اہل کر دے گا۔ آج عمران خان اندر ہیں، کل وہ بھی کسی چیز کے تحت واپس آ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قانون کے فیصلے تسلسل کے ساتھ نہیں ہوئے اسے لیے ہمارا ملک پانچ سو سال پیچھے چلا گیا، ہم 141ویں نمبر پر ہیں۔ ہم کرکٹ میچ میں سنچری نہیں بنا سکتے۔ لیکن عدالتی ڈھانچے اور اس کی ناانصافیوں کی وجہ سے اس اسپیڈ سے جارہے ہیں کہ شاید ہم ڈبل نہیں ٹرپل سنچری بھی کر جائیں۔ عدالتی نظام اور ڈھانچے کا جب تک احتساب نہیں کریں گے معاملات ٹھیک نہیں ہونگے۔فیصل واوڈا نے کہا کہ نسلہ ٹاور آپ گرا دیتے ہیں۔ لوگ برباد ہوگئے، سڑکوں پر آگئے، بھیک مانگ رہے ہیں۔ آپ نے نہ بلڈر کا کچھ کیا، نہ این او سی دینے والے کا کچھ کیا۔ نہ آرکیٹیکٹ کا کچھ کیا، نہ اس وزیر کا کچھ کیا اور نہ لیڈر کا کچھ کیا ۔ تو پھر آپ نے کیا کیا ہے؟آج ایک عدالت فیصلہ دیتی ہے کہ فلاں شخص کو پھانسی دے دو، نو رکنی بینچ آ کر کہتا ہے کہ وہ فیصلہ غلط تھا، اب اسے زندہ کیسے کریں گے؟سابق سینیٹر نے کہا کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے سوا دنیا کا کوئی بھی شخص صادق اور امین کے معیار پر پورا نہیں اترتا۔ انسان تو صادق اور امین نہیں ہو سکتا۔ وہ تو غلطیوں کا پتلا ہے۔ قانون کے فیصلوں کی وجہ سے ریکوڈک میں اربوںڈالر کا نقصان ہوا۔ اسٹیل مل اربوں روپے کا نقصان کر رہی ہے۔
خاص خبریں
عدالتی فیصلوں نے اربوں ڈالر کا نقصان کیا، جج بھی صادق وامین نہیں، فیصل واوڈا
- by Daily Pakistan
- دسمبر 12, 2023
- 0 Comments
- Less than a minute
- 1637 Views
- 2 سال ago

