خاص خبریں

پاکستان اور چین میں چھٹے سٹریٹجک مذاکرات آج، تعلقات کو نئی جہت ملنے کی توقع

پاکستان اور چین میں چھٹے سٹریٹجک مذاکرات آج، تعلقات کو نئی جہت ملنے کی توقع

اسلام آباد:پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے درمیان آج چھٹے سٹریٹجک مذاکرات ہو رہے ہیں جن سے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت ملنے کی توقع ہے۔چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی پاکستان کی وزارت خارجہ پہنچ گئے ہیں جہاں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا ہے۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں، اس سے قبل وہ انڈیا کے دو روزہ دورے پر تھے، یہ اس سال میں چین کی اعلی قیادت کی طرف سے پاکستان کا پہلا دورہ ہے جسے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ادھر دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی دعوت پر اسلام آباد آنے والے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی آج چھٹے پاکستان چین وزرائے خارجہ سٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلی سطح کے روابط کے تسلسل کا حصہ ہے، ملاقات میں ہمہ موسمی سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے، اقتصادی و تجارتی تعلقات کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کے بنیادی مفادات پر حمایت کے اعادے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔سفارتی ذرائع کے مطابق اگرچہ اس دورے کا مقصد سٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت ہے لیکن سفارتی ماہرین انڈیا اور پاکستان کی حالیہ جنگ کے تناظر میں اسے اہم گردان رہے ہیں، سٹریٹجک ڈائیلاگ میں سی پیک ٹو پر بھی بات چیت ہو گی کہ موجودہ منصوبے کی تکمیل کیسے ہو گی اور مزید کون سے نئے منصوبے شروع کیے جا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ دفاعی معاملات پر بھی چین کے ساتھ قریبی تعاون رہا ہے اس پر بھی بات چیت کی توقع ہے، یہ دورہ پاکستان چین تعلقات کو نئی جہت دینے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و تعاون کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہو گا۔گذشتہ برس مئی میں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ بیجنگ میں پانچویں پاکستان-چین وزرائے خارجہ سٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے