لندن: برٹش ایئرویز میں دورانِ پرواز ایک مسافر خاتون جن کے بارے میں دیگر مسافر اور عملہ خیال کررہے تھے کہ وہ اپنی سیٹ پر سورہی ہیں، سفر کے اختتام پر پتہ چلا کہ خاتون دراصل مرچکی تھیں۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق 73 سالہ خاتون لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ اور فرانس کے شہر نیس کے درمیان برٹش ایئرویز کی پرواز میں مسافر تھیں۔ تحقیقات میں پتہ چلا کہ خاتون کو دوران پرواز ہی دل کا دورہ پڑا تھا جس سے وہ جانبر نہ ہوسکیں۔جنوبی فرانس میں جب پرواز نے لینڈنگ کی اور دوسرے مسافر جہاز سے اترنے کے لیے اٹھے تو انہوں نے دیکھا کہ خاتون طیارے سے اترنے کے لیے حرکت نہیں کر رہیں۔ جب کچھ مسافروں نے خاتون کو جگانے کی کوشش کی تو وہ بے جان تھیں۔مسافروں نے فوری طور پر ہوائی جہاز کے فلائٹ عملے کو الرٹ کیا جس کے بعد عملے نے ایمرجنسی سروسز کو کال کی۔ طبی عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر خاتون کی موت کی تصدیق کی جبکہ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے کے قریب خاتون کو مردہ قرار دے دیا گیا۔اس موقع پر برٹش ایئرویز نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم اس دکھ کے لمحات میں مسافر خاتون کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔دوسری جانب ایئرویز کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم خاتون کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم یا اس کی تصدیق کرنے سے قاصر ہیں۔واضح رہے کہ خاتون کی شناخت اور ان کی موت سے متعلق صحیح حالات ابھی تک منظر عام پر نہیں آئے ہیں۔ فرانسیسی میڈیا کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خاتون برطانوی شہری تھیں لیکن اس کی بھی تصدیق ہونا باقی ہے۔
دلچسپ اور عجیب
ہوائی جہاز میں دوران سفر ’سورہی‘ خاتون مسافر مُردہ نکلیں
- by Daily Pakistan
- ستمبر 25, 2023
- 0 Comments
- Less than a minute
- 353 Views
- 1 سال ago