غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ نہ رک سکا جہاں اسرائیلی فضائیہ کی جبالیہ کیمپ پر بمباری سے مزید 90 فلسطینی شہید جب کہ سینکڑوں زخمی ہوگئے۔غزہ کے جبالیہ کیمپ میں شہاب خاندان کے گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 20 افراد شہید اور 100 زخمی ہوگئے جب کہ حملے میں قریبی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔اسرائیلی فورسز نے غزہ کے کمال عدوان اسپتال کا محاصرہ ختم کردیا تاہم عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے شمالی غزہ میں کمال عدوان اسپتال کی تباہی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کمال عدوان اسپتال کے غیرفعال ہونے سے 8 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔رفح میں زوردار دھماکے میں رہائشی مکانات کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں 2 افراد شہید اورہ متعدد افراد زخمی ہوگئے، اسرائیلی طیاروں نے خان یونس کے مشرق میں بنی سہیلہ سمیت جنوب مشرقی علاقے میں بھی دو حملے کئے۔ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین کے بعد اسرائیلی افواج کی جانب سے نورالشمس کیمپ پر جارحانہ کارروائی کی گئی، اسرائیلی طیارے کے حملے میں مزید 5 فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ اسرائیلی فورسز نے ایمبولینسوں کو بھی کیمپ جانے سے روک دیا۔حملے کے مقام پر طبی امداد نہ پہنچنے کے باعث 2 فلسطینی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ اسرائیلی افواج نے ایمبولینس کے اندر سے طبی عملے کے ایک اہلکار کو بھی گرفتار کرلیا۔علاوہ ازیں اسرائیلی جارحیت کے جواب میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے بھی بھرپور جوابی کارروائیاں جاری ہیں، حماس کے حملوں میں اسرائیلی فوج نے اپنے مزید 2 فوجیوں کی ہلاکتوں کا اعتراف کرلیا، غزہ جنگ میں زمینی جنگ شروع کرنے کے بعد ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 121 ہوگئی۔مصری حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں نئی عارضی جنگ بندی کیلئے اسرائیل، قطر اور مصری حکام کے درمیان بات چیت کا آغاز ہو چکا ہے۔7 اکتوبر کے بعد سے پہلی بار اسرائیلی علاقے کی طرف سے کرم شیلونگ کراسنگ کے راستے امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوئے، غزہ میں 4 روز سے بند مواصلات اور انٹرنیٹ سروسز بھی جزوی بحال ہونا شروع ہو گئیں ہے۔
پاکستان
اسرائیلی فضائیہ کی جبالیہ کیمپ پر بمباری، مزید 90 فلسطینی شہید
- by Daily Pakistan
- دسمبر 18, 2023
- 0 Comments
- Less than a minute
- 552 Views
- 12 مہینے ago