پاکستان خاص خبریں

الخدمت تعمیر وطن پراجیکٹ کے تحت خیبر پختونخوا میں 1500گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا آغاز

الخدمت تعمیر وطن پراجیکٹ کے تحت خیبر پختونخوا میں 1500گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا آغاز

الخدمت تعمیرِ وطن پراجیکٹ کے تحت خیبرپختونخوا میں سیلاب متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر کا آغاز کردیا گیا۔خیبرپختونخوا میں 15 کروڑ روپے کی لاگت سے 1500گھرتعمیر کئے جائیں گے۔فی گھر تعمیر کے لئے ایک لاکھ روپے تک کا تعمیراتی سامان فراہم کیا جائے گا۔تعمیراتی کام کے آغاز کے حوالے سے ضلع ٹانک میں سادہ اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں نائب صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ،صدرالخدمت فاؤنڈیشن ٹانک محمد ہارون بلوچ اور اسسٹنٹ کمشنر ٹانک امین اللہ سمیت معززین علاقہ اور متاثرین نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن سیلاب متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھے ہوئے ہے۔ ریسکیو اور ریلیف کے بعد بے گھرمتاثرین کو چھت فراہم کرنے کے لئے تعمیرِوطن پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر میں معاونت کا سلسلہ جاری ہے۔خیبرپختونخوا میں 15کروڑ روپے کی لاگت سے 1500گھروں کی تعمیر کا آغاز کردیا گیا ہے۔متاثرین کو گھر کی تعمیر کے لئے بلاک، تیار چھت، سیمنٹ اور واش روم کا سامان فراہم کیا جارہا ہے۔روز بروز بڑھتی سردی،تعمیراتی کام میں سہولت اور تیزی کے لئے علاقے کے قریب ہی تیار چھت اور بلاک فیکٹر ی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ فیکٹری میں ابتدائی طور پر 100گھروں کے لیے چھتیں تیار کرلی گئی ہیں جبکہ 300 سے 400 چھتیں مزید تیارکی جائیں گی۔ ان تیار چھتوں کے ذریعے سیلاب متاثرین کو تیزی کے ساتھ ایک محفوظ شیلٹر مہیا کیا جا سکے گا۔یہ چھتیں نہ صرف متاثرین کے گھروں تک پہنچائی جائیں گی بلکہ ان کو فِٹ کرنے میں بھی مدد فراہم کی جائے گی۔الخدمت فاؤنڈیشن بے گھر سیلاب متاثرین کو چھت کی فراہمی کے لئے ہر ممکن مدد جاری رکھے گی۔ گھروں کی تعمیر میں معاونت کے ساتھ ساتھ مکمل یاجزوی طور پر متاثر ہونے والے سکول، مدارس اورمساجد کی تعمیر و مرمت کا کام کیا جارہا ہے۔ الخدمت اب تک ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں پر 10 ارب روپے خرچ کر چکی ہے۔ جبکہ ابتدائی طور پر 5 ارب روپے سے بحالی و تعمیر نو کے منصوبہ جات جاری ہیں۔الخدمت نے ابتدائی طورپر جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 4 ہزار مکانات کی تعمیر میں معاونت کا منصوبہ بنایا گیاہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے