خاص خبریں

انتخابات کیلیے الیکشن کمیشن کو مطلوبہ تعاون فراہم کیا جائیگا، کور کمانڈرز کانفرنس

انتخابات کیلیے الیکشن کمیشن کو مطلوبہ تعاون فراہم کیا جائیگا، کور کمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں دو روزہ 261 ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں آئندہ عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کیے جانے کا اعادہ کیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں اسمگلنگ، منی لانڈرنگ، بجلی چوری ،غیر قانونی معاشی سرگرمیوں ، ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیوں کا جامع جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فورم میں مسلح افواج کے افسران اور جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے بالواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے مسلسل جبر اور انسانی حقوق کی قابل مذمت خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں کانفرنس کے شرکا نے بھارتی فوج کی طرف سے شہریوں کے اغوا، تشدد اور قتل کی حالیہ کارروائیوں کی مذمت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ اس طرح کی کارروائیاں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں اور ان بہادر کشمیریوں کے جذبے کو پست نہیں کر سکتے جو اپنے جائز حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔کور کمانڈر اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر طرح کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے