پاکستان خاص خبریں

بھارتی پائلٹ ابھینندن کے جہاز کا ٹکڑا نمائش آئیڈیاز 2022 میں شایقین کی دلچسپی کا محور بن گیا

بھارتی پائلٹ ابھینندن کے جہاز کا ٹکڑا نمائش آئیڈیاز 2022 میں شایقین کی دلچسپی کا محور بن گیا

شہرقائد کے ایکسپوسینٹرمیں جاری جدید ہتھیاروں کی بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 میں ایک اسٹال ایسا بھی ہے جہاں بھارتی پائلٹ ابھینندن کے جہاز کا ٹکڑا نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔چھبیس فروری 2019 کو بھارت نے بالاکوٹ میں بم گرانے کا دعوی کیا اور کہا کہ یہ جہادی گروپس کے کیمپس پر حملہ تھا۔ تاہم پاکستان کی جانب سے کہا گیا کہ یہ حملے نہ تو کسی کیمپ پر تھے اور نہ ہی ان میں کوئی ہلاک ہوا، نہ ہی بھارت کی جانب سے کوئی بم گرائے گئے۔تاہم اس کے باوجود اگلے ہی روز پاکستان نے آئندہ کیلئے سبق دینے کی خاطر آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ ترتیب دیا جس کے تحت کی جانے والی کارروائی کے دوران پاکستانی فضائیہ نے بھارتی مگ 21 اڑانے والے ابھینندن ورتھمان کے جہاز کو نشانہ بنا کر گرا دیا۔ابھینندن کو پاکستانی حدود سے گرفتار کر لیا گیا جہاں وہ 60 گھنٹے تک قید میں رہے، جبکہ ان کے تباہ شدہ جہاز کو قبضے میں لے لیا گیا۔پاکستان کے ہاتھوں رسوا اور گرفتار ہونے والے ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھمان کے گرائے گئے جہاز کا ٹکڑا محفوظ کرنے والے ائیر کموڈور جہانزیب نے کہاکہ وہ ہمارے لیے بہت یادگار دن تھا، فروری 2019 میں ہمیں یہ ایوارڈ ٹرافی ملی جو بتاتی ہے کہ پاکستانی فضائی حدود کی جو خلاف ورزی کرے گا اس کا کیا انجام ہوگا۔انہوں نے کہاکہ یہ تو ایک ٹرافی ہے، ہمیں اس طرح کی دس چاہئیں۔ائیر کموڈوز جہانزیب نے کہا کہ ہر جنگ میں فضائیہ کی کارکردگی بہت اچھی رہی ہے، چاہے وہ 65 ہو، 71 ہو یا کوئی بھی معرکہ۔ پاکستان ائیر فورس کو ہمیشہ سبقت رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں ہم نے ایک مثال قائم کی ہے اور اس طرح کی مزید ٹرافیاں لے کر آئیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے