سابق وفاقی وزیرِ داخلہ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ حکومت کو 3 دن سے پیٹرول مافیا قیمت کم نہیں کرنے دے رہا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سے جاری کیے گئے بیان میں سابق وفاقی وزیرِ داخلہ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے 150 کرپشن کے کیسز کو سپریم کورٹ ان شاء اللّٰہ بحال کرے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ نیب ترامیم کالعدم ہوں گی اور 1 کروڑ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے گا، 70 وزراء کی تعداد آئین کے منافی ہے، اس کے خلاف ہائی کورٹ جاؤں گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنے انجام کو پہنچ گئی ہے، اقتصادی بحران انتہائی سنگین ہو گیا ہے، مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم نے قوم کو مہنگائی کے سمندر میں ڈبو دیا ہے، مفاہمت یا مزاحمت کا فیصلہ ہونے والا ہے۔
سابق وفاقی وزیرِ داخلہ نے یہ بھی کہا کہ وزراء اپنے حلقوں میں بھی نہیں جا سکتے، 21 وزراء بے محکمہ ہیں، بلاول پاکستان میں بطور مہمان اداکار آتے ہیں، دفتر نہیں جاتے۔
یاد رہے کہ بنی گالہ میں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج کور کمیٹی اجلاس میں معاشی حالت، لاء اینڈ آرڈر اور مہنگائی پر بات ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں نے عمران خان کو کہا کہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا، کور کمیٹی کے تمام ممبران کا فیصلہ یہ ہے کہ تیاری کی جائے، چوک اور چوراہوں پر احتجاج کی تیاری کی جائے۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ ملک اقتصادی بحران میں داخل ہوچکا ہے، میں مثبت حالات بھی دیکھ رہا ہوں، کور کمیٹی کا بھی مطالبہ ہے فی الفور انتخابات کی طرف جایا جائے۔ کہ
سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے مزید کہا کہ الیکشن فوری کرایا جائے، 15 اکتوبر اہم ہے بات چیت کے دروازے بند نہیں ہونگے۔