پاکستان

رضا ربانی کی احسن اقبال کے این ایف سی ایوارڈ سے متعلق بیان کی مذمت

رضا ربانی کی احسن اقبال کے این ایف سی ایوارڈ سے متعلق بیان کی مذمت

سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے وفاقی وزیرِ پلاننگ احسن اقبال کے بیان کی مذمت کی ہے۔ احسن اقبال نے این ایف سی ایوارڈ پر تنقید کرتے ہوئے کہا یہ ملکی ترقی میں رکاوٹ ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ ساتویں این ایف سی ایوارڈ پر 2009ء میں دستخط ہوئے اور 2010ء میں نافذ ہوا، 15 سال کا عرصہ گزر چکا ہے اور نئے این ایف سی ایوارڈ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 160 کے تحت ہر 5 سال بعد این ایف سی ایوارڈ جاری کیا جانا ضروری ہے، صوبوں کو وفاقی تقسیم شدہ پول میں سے ان کے جائز حق سے محروم رکھا جا رہا ہے، یہ آئین کی مزید خلاف ورزی ہے۔
رضا ربانی کا کہنا ہے کہ آئین میں ہے کہ این ایف سی کا ہر ایوارڈ پچھلے ایوارڈ میں صوبوں کو دیے گئے حصے سے کم نہیں ہو گا، آئین میں ترمیم کی گئی کہ نئے این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کا حصہ، پچھلے ایوارڈ سے کم نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کا صوبوں کے ترقیاتی بجٹ کو بہانہ بنا کر این ایف سی ایوارڈ کی دہائی دینا آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے، وفاقی حکومت اپنے اخراجات میں کٹوتی نہیں کر سکتی تو ٹیکسز صوبوں کے ذریعے جمع کیے جائیں۔
سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت اپنے اخراجات کو منظوری اور ادائیگی کے لیے صوبوں کے سامنے رکھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے