پاکستان خاص خبریں

سٹیزن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام گالا کا اہتمام، سفیر مسعود خان کا سیلاب زدگان کی مدد پر امریکی حکومت اور عوام کا شکریہ

سٹیزن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام گالا کا اہتمام، سفیر مسعود خان کا سیلاب زدگان کی مدد پر امریکی حکومت اور عوام کا شکریہ

سٹیزن فاؤنڈیشن یو ایس اے کے زیر اہتمام واشنگٹن میں 13 ویں سالانہ گالا کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان مسعود خان تھے، سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے حوالے سے امریکی حکومت اور عوام کی جانب سے جو مثبت ردعمل ظاہر کیا جا رہا ہے وہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان گہری دوستی اور قریبی تعاون کا عکاس ہے۔

تقریب میں 500 سے زائد ممتاز پاکستانی امریکیوں اور مخیر حضرات نے شرکت کی جس میں سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے کاموں کے لیے تقریباً 2.5 ملین ڈالر اکھٹے کیے گئے۔

تقریب کے دوران اکھٹی کی گئی رقم سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے ریلیف کے لیے فراہم کی جائے گی، جس میں 50 لاکھ کھانوں کی فراہمی، 9 ہزا خاندانوں کے لیے گھروں کی تعمیر نو اور سیلاب سے تباہ ہونے والے اسکولوں کی بحالی شامل ہے، سٹیزن فاؤنڈیشن پاکستان میں پسماندہ بچوں کی تعلیم میں مدد کرتی ہے اور امریکہ کی 42 ریاستوں میں اس تنظیم کا فعال نیٹ ورک موجود ہے۔

صدر بینک آف امریکہ خیراتی فاؤنڈیشن ایبونی تھامس نے سفیر پاکستان مسعود خان کی جانب سے لکھے گئے خط کے جواب میں کہا ہے کہ بینک آف امریکہ کی خیراتی فاؤنڈیشن کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ افراد کی فوری امداد کے لیے 3 لاکھ ڈالر کا عطیہ فراہم کیا گیا ہے۔

بینک آف امریکہ کی جانب سے فراہم کردہ عطیہ عارضی پناہ گاہوں، خوراک کی مد میں امداد، متاثرین کو نقدی کی فراہمی، حفظان صحت کی اشیاء، بچوں کی حفاظتی کٹس، روزگار کی فراہمی میں معاونت اور ہنگامی لیٹرین کٹس کے لئے برؤے کار لائی جا رہی ہے۔

بینک آف امریکہ خیراتی فاؤنڈیشن کے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے بینک کے مثبت اور فوری ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ بینک آف امریکہ فاؤنڈیشن سالہا سال سے پاکستان کا مضبوط شراکت دار رہا ہے، اور ہنگامی حالات میں خاص طور پر کمزور طبقات کے لیے امداد فراہم کرتا رہا ہے، سفیر پاکستان نے کہا کہ بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے میں ہم آپ کی حمایت پر بھروسہ کرتے رہیں گے۔

سفیر پاکستان مسعود خان نے امریکی کثیر القومی کارپوریشنوں، انسانی ہمدردی کی تنظیموں، مخیر حضرات اور خصوصاً پاکستانی امریکیوں کی برادری کو پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے ریلیف کے حوالے سے فراخ دلانہ تعاون پر سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے