خاص خبریں کھیل

سیٹی بج گئی، میدان سج گیا! رنگا رنگ تقریب کیساتھ پی ایس ایل 10 کا آج سے آغاز

سیٹی بج گئی، میدان سج گیا! رنگا رنگ تقریب کیساتھ پی ایس ایل 10 کا آج سے آغاز

لاہور:سیٹی بج گئی، میدان سج گیا، رنگا رنگ افتتاحی تقریب کیساتھ پی ایس ایل 10 کا آج سے آغاز ہو رہا ہے، افتتاحی میچ میں آج لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان جوڑ پڑے گا۔پی ایس ایل سیزن 10 کا بگل بجنے کو تیار ہے، شام 7 بجے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب سجے گی جس میں آتش بازی کا بھی مظاہرہ ہو گا، تقریب میں معروف گلوکارہ عابدہ پروین، علی ظفر، نتاشہ بیگ اور دیگر آواز کا جادو جگائیں گے۔
پی ایس ایل 10 میں کرکٹ کی دنیا کے کئی بڑے نام کمنٹری میں نظر آئیں گے جن میں انگلینڈ کے سابق کپتان سر الیسٹر کک اور ایم سی سی کے سابق صدر مارک نکولس کے نام قابل ذکر ہیں۔پی ایس ایل میں شائقین کی دلچسپی کیلئے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں جن میں پہلی مرتبہ ہر میچ میں مکمل اردو کمنٹری، میچوں کے دوران ریفل ٹکٹ کے ذریعے انعامات اور نئی جدت کے ساتھ پلیئر ٹریکنگ ٹیکنالوجی کا متعارف کرایا جانا شامل ہے۔
ناظرین اس پی ایس ایل میں 32 کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ کوریج کے اعلی معیار سے لطف اندوز ہوسکیں گے اور یہ ایونٹ مختلف چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے دنیا بھر میں دیکھا جا سکے گا۔ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہورقلندرز ٹکرائیں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ رات ساڑھے 8 بجے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گا۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے، ہم نے یہ دیکھنا ہے کہ پاکستان کو نیا ٹیلنٹ کیسے دینا ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ واحد ٹیم ہے جس نے پی ایس ایل 3 مرتبہ (2016۔ 2018۔ 2024) میں جیتی ہے جبکہ لاہور قلندرز نے 2 مرتبہ (2022۔ 2023) میں ٹائٹل اپنے نام کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کریں گے جبکہ لاہور قلندرز شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں میدان میں اترے گی، دونوں ٹیموں کو تجربہ کار ملکی اور غیرملکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں۔
اسلام آباد یونائٹڈ نے ابتک پی ایس ایل میں مجموعی طور پر 100 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 55 جیتے ہیں اور 44 میں اسے شکست ہوئی ہے جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے