تحریر:ضیاء الرحمان
آج 14اگست 2025،ملک بھر میں 79واں یوم آزادی اور معرکہ حق کی فتح کا جشن بھرپورجوش وجذبے اور شایان شان انداز سے منایاجارہاہے، ملک بھر میں عام تعطیل ہے- وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پشاور، لاہور ،کراچی ،کوئٹہ ،مظفر آباد،گلگت سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سرکاری و نجی عمارتوں کو قومی پرچم، جھنڈیوں اور رنگ برنگی برقی قمقموں سے دلہن کی طرح سجایا گیا ۔شہروں، قصبوں اور دیہات میں جگہ جگہ قومی پرچم، بیجز، جھنڈیاں اور دیگر قومی اشیا کے سٹال آزادی ومعرکہ حق کی فتح کے جشن کو دوبالا کر رہے ۔
شکر پڑیاں پریڈ گرائونڈ اسلام آباد میں دفاعی سازوسامان کی نمائش کا اہتمام کیا گیا ۔ نمائش میں معرکہ حق کے دوران استعمال کیے گئے مختلف جنگی ہتھیار، طیارے، ٹینک و دیگر فوجی ساز و سامان کو شامل کیا گیا۔ پاک فضائیہ کی جانب سے فلائی پاسٹ اور پیرا جمپنگ کا مظاہرہ خوشیاں بھرپور انداز میں منانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
پاکستانی قوم تو ہر78سال سے ہرسال 14اگست کو اپنا جشن آزادی بھرپور ملی جوش و جذبے کیساتھ مناتی ہے لیکن اس بار اس جشن میں ہمارے ازلی وحقیقی دشمن بھارت کی معرکہ حق میں بدترین شکست کی روح پرور خوشی بھی شامل ہے جو جشن آزادی کو چارچاند لگارہی ہے۔
اس موقع پر عظیم جنگی مفکرجنرل حمید گل مرحوم کے الفاظ اچانک میرے کانوں میں گونجے جوانھوں نے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سے متعلق طنزیہ اندازمیںکہے تھے کہ شکریہ مسٹر مودی۔
2015کوروزنیوزکے پروگرام سچی بات ایس کے نیازی کیساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے جنرل حمید گل (مرحوم)نے کہا تھا کہ بھارت سے گھبرائیں نہیں،انڈیابجھتے ہوئے چراغ کی آخری لو ہے،نریندرمودی توہمارے لیے تحفہ ہے۔
سردارخان نیازی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جنرل حمید گل (مرحوم)نے مزید کہا کہ نریندر مودی میں بہت سی کمزوریاں ہیں،وہ بھارت میں ٹونیشن تھیوری کو زندہ کر کے لا رہا،بھارت میںگاندھی کے قاتل نتھورام گوڈسے کو ہیرو جبکہ مقتول گاندھی کو ولن کر کے پیش کیا جا رہا ہے۔
ایس کے نیازی کے سوال کے جواب میںاسلامی حمیت کی چمک رکھنے والے جنرل حمید گل (مرحوم)نے کہا کہ بھارت پاکستان کو دہشتگردی کے زمرے میں لانا چاہتااور وہ الزام عائد کریگا کہ پاکستان سے ریاستی دہشتگردی ہو رہی ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں خودحملہ کرائیگا اور الزام پاکستان پر عائد کریگااور یہ حملہ راکے ذریعے کرایا جائیگا۔ مرحوم حمید گل نے یہ بھی کہا تھا کہ مودی انڈیا کو تباہ کرکے جائیگا
آج سابق سربراہ آئی ایس آئی کی تمام باتیں 100فیصد سچ ثابت ہوئیں اور نریندر مودی پاکستان کیلئے حقیقی تحفہ ثابت ہوئے۔بھارت میں دوقومی نظریہ پھرسے زندہ ہو گیا ،ہندوانتہاپسندی عروج پر پہنچ گئی،مسلمانوں سمیت دیگر مذاہب کے ماننے والوں کا بھارت میں جیناحرام ہو چکا۔
بھارت نے پلوامہ وپہلگام میں خودحملے کراکر پاکستان پر الزام لگائے اورچڑھائی کی ناکام کوششیں کیں پھر جوہوا وہ پوری دنیا کے سامنے ہے،پہلے بھارت 2پھر6لڑاکا طیاروں سے محروم ہوگیا،مودی حکومت نے دنیا بھرسے ذلت الگ کمائی۔امریکی صحافی نک رابرٹسن نے انکشاف کیا تھا کہ بھارتی حملے کے بعد پاکستان نے بھارت پرنہ رکنے والے میزائلوں کی بارش کردی جس نے بھارت مذاکرات کی میزپر آنے پرمجبور ہوا۔
پہلگام واقعے کے بعد مسئلہ کشمیر پھرعالمی توجہ کا مرکز بن گیا،تحریک خالصتان میں بھی نئی جان پڑچکی حتیٰ کہ کینیڈا نے سکھوں کو خالصتان ایمبیسی کھولنے کی بھی اجازت دیدی ۔ناگا لینڈ نے بھارت سے علیحدگی اور ہر سال 14اگست کو اپنا یوم آزادی منانے کا اعلان بھی مودی کے دورحکومت میں کیا۔
دنیا کی بڑی معیشت ہونے کے جھوٹے دعویدار بھارت کی آج اپنی معیشت لڑکھڑا رہی ،امریکہ سے تجارتی معاہدہ گلے کی ہڈی بن گیا،نہ نگلا جا رہا نہ اگلا جا رہا،سفارتی لحاظ سے بھارت کی روس سے دوستی رہی نہ امریکی کیمپ میں جگہ بنی،چین سے دوریاں الگ پیدا ہو چکیں۔دنیا میں کوئی بھی ملک بھارتی بیانیہ کے ساتھ دکھائی نہیں دیتا۔
دوسری جانب پاکستان کے اس وقت بیک وقت چین،روس وامریکہ کیساتھ بہترین تعلقات ،امریکہ بھارتی سرمایہ کاری کرنے جا رہا ،معاشی میدان میں عالمی ریٹنگ ایجنسیاں پاکستانی معیشت کو مثبت سے مستحکم کر رہیں،زرمبادلہ ذخائربھی بڑھ رہے۔واقعی حمید گل نے سچ کہا تھا نریندی مودی پاکستان کیلئے ایک تحفہ ہے۔

