پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کر دیا گیا، جہاں پولیس کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی گئی، اور عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کر دیا گیا، پولیس نے عدالت سے شہباز گل کے مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، پولیس کا کہنا تھا کہ وقت ضائع نہیں کیا لیکن پھر بھی تفتیش مکمل نہ ہو سکی۔
سماعت کے دوران پراسیکیوٹر رضوان عباسی کا کہنا تھا کہ شہباز گل کے پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے وقت نہیں مل سکا، ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ لاہور سے کرایا جائے گا۔
پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ریمانڈ کے دوران ایک سیٹلائٹ فون، 4 یو ایس بیز قبضے میں لی گئیں، شہباز گل کو ساتھ لے جا کر کمرے کی تلاشی لی گئی۔
بعد ازاں عدالت نے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، اور 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی، جس کے بعد عدالت نے شہباز گل کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔