پاکستان

شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی (SZABMU) نے میڈیکل تعلیم کے میدان میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے

اسلام آباد، 25 اکتوبر 2025ء — شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی (SZABMU) نے میڈیکل تعلیم کے میدان میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پاکستان کے پہلے دو سالہ ’’بیریاٹرک ایم ایس پروگرام‘‘ کے آغاز کا اعلان کر دیا۔ یہ تاریخی اعلان یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے ’’اسکیلپلز اینڈ اسٹرینتھ — پاکستانی خواتین سرجنز کی نئی شناخت‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ٹاؤن ہال کے دوران کیا۔ اس پروگرام کا مقصد میٹابولک اور بیریاٹرک سرجری کے شعبے میں معیاری، منظم اور اعلیٰ تربیت فراہم کرنا ہے۔

پمز (PIMS) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر رانا عمران سکندر نے اس موقع پر کہا کہ ادارہ بیریاٹرک ایم ایس پروگرام کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا تاکہ پاکستان میں جدید سرجیکل تعلیم کے فروغ کا عمل تیز تر ہو۔

یہ ٹاؤن ہال پاکستان سوسائٹی فار میٹابولک اینڈ بیریاٹرک سرجری (PSMBS) اور امریکی تنظیم ’’ٹریو فاؤنڈیشن‘‘ (Treo Foundation, USA) کے اشتراک سے منعقد ہوا، جس کا مقصد پاکستانی خواتین سرجنز کی قیادت، حوصلہ مندی اور پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔

یہ تصور ڈاکٹر سنیہ مجید (امریکہ)، صدر ASMBS Treo Foundation اور سیشن کی چیئرپرسن، نے پیش کیا۔ تقریب میں ملک کی نامور خواتین سرجنز نے شرکت کی جن میں پروفیسر رخسانہ راشد، پروفیسر عذرا اے غنی، ڈاکٹر زہرا رضا، ڈاکٹر ارم نجيب اور ڈاکٹر عارفہ منظور شامل تھیں، جبکہ سیشن کی نظامت ڈاکٹر نازش مسعود نے کی۔

مقررین نے سرجری کے میدان میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خواتین سرجنز نے نہ صرف روایتی رکاوٹوں کو توڑا بلکہ نئی نسل کے لیے رہنمائی، ہمدردی اور قیادت کی ایک نئی مثال قائم کی ہے۔

ڈاکٹر سنیہ مجید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’سرجری کی ہر کامیاب کہانی جرات، رہنمائی، تعلیم اور جدت کی بنیاد پر قائم ہوتی ہے۔ پاکستانی خواتین سرجنز نہ صرف آپریٹنگ رومز کو بدل رہی ہیں بلکہ طب کے میدان میں قیادت کے معنی بھی نئے سرے سے متعین کر رہی ہیں۔‘‘

پی ایس ایم بی ایس کے نمائندہ پروفیسر ڈاکٹر عاطف انعام شامی نے اس اشتراک کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ٹاؤن ہال شمولیت اور اعترافِ صلاحیت کے ایک نئے دور کی علامت ہے۔ بیریاٹرک ایم ایس پروگرام کا آغاز پاکستان میں سرجیکل تعلیم، اختراع اور معیار کے تسلسل کو مزید مضبوط بنائے گا۔‘‘

تقریب کے اختتام پر مقررین نے خواتین ڈاکٹروں کے لیے مزید رہنمائی، اشتراکِ عمل اور قیادت کے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر پی ایس ایم بی ایس، ٹریو فاؤنڈیشن اور ایس زیڈ اے بی ایم یو نے سرجری کے شعبے میں تنوع، اختراع اور اعلیٰ کارکردگی کے فروغ کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

’’اسکیلپلز اینڈ اسٹرینتھ‘‘ اُن تمام باہمت پاکستانی خواتین سرجنز کو خراجِ تحسین ہے جنہوں نے مہارت، حوصلے اور قیادت کے جذبے کے ساتھ اسکیلپل تھام کر نئی نسل کو اعتماد، ہمدردی اور عزم کی راہ دکھائی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے