خاص خبریں

عمران خان کو سزا ہوچکی، کوئی ملک مجرم تک میڈیا کو رسائی فراہم نہیں کرتا، مرتضیٰ سولنگی

عمران خان کو سزا ہوچکی، کوئی ملک مجرم تک میڈیا کو رسائی فراہم نہیں کرتا، مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی پر سنگین الزامات ہیں، انہیں سزا ہو چکی ہے اورکوئی بھی ملک سنگین جرائم میں ملوث کسی شخص تک میڈیا کو رسائی فراہم نہیں کرتا۔خبررساں ادارے ’’اے پی پی‘‘ کے مطابق ”ویان نیوز“ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت سے امتیازی سلوک نہیں کیا جا رہا، پی ٹی آئی رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، ریاستی میڈیا پر پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں کوریج دی جا رہی ہے، نگران حکومت آئین کے خلاف کوئی اقدام نہیں اٹھائے گی۔
’’پی ٹی آئی، ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کو بھی لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایات ہیں‘‘
علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’’ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہے، انتخابات 8 فروری 2024کو ہوں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایت ہر ایک کو ہے، پی ٹی آئی، مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمان کی جماعت کو بھی لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایات ہیں، پیپلز پارٹی کو پنجاب میں، مسلم لیگ (ن) کو سندھ میں لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایات ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان سے پوچھیں تو وہ کہیں گے سیکورٹی مسائل کی وجہ سے ہمیں بلوچستان اور کے پی کے میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی۔
’’ہمیں 8 فروری کے انتخابات کے نتائج کا انتظار کرنا چاہئے‘‘
مرتضی سولنگی نے کہا کہ پی ٹی آئی رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کو ریاستی میڈیا پر یکساں کوریج دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں 8 فروری کے انتخابات کے نتائج کا انتظار کرنا چاہئے، مجھے امید ہے کہ انتخابات سیاسی استحکام کا باعث بنیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے