پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ غزالہ جاوید نے مرحومہ حمیرا اصغر کی والدہ کے بیان پر سخت ردعمل دیا ہے۔
گزشتہ دنوں کراچی کے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی جانے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی والدہ نے اپنے بیان میں کراچی والوں پر الزام عائد کیا تھا اور انہیں بےحس قرار دیا تھا۔
انہوں نے کراچی والوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی کے لوگوں نے حمیرا کا خیال نہ رکھا، کیسا شہر ہے۔ لاش 10 ماہ پڑی رہی اور کسی کو پتا نہ چلا، جس کا کلپ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوا۔
اب حال ہی میں نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے غزالہ جاوید نے متوفی کی والدہ کو آئینہ دکھاتے ہوئے ان کی ماں ہونے کی ذمہ داریوں پر سوال اٹھائے ہیں۔
سینئر اداکارہ نے میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حمیرا کی والدہ نے کہا کہ کراچی کے لوگ اچھے نہیں ہوتے، نہ جانے یہ کس قسم کے لوگ ہیں۔ تو میں ان سے صرف اتنا پوچھنا چاہتی ہوں کہ آپ بتائیں، آپ خود کس قسم کی ماں ہیں؟ آپ کی بیٹی کی موت کے بعد دو عیدیں گزر گئیں، اور آپ کو خبر تک نہیں ہوئی؟
غزالہ جاوید نے جذباتی انداز میں کہا کہ ایک ماں اپنے بچے کی معمولی سی تکلیف بھی محسوس کر لیتی ہے۔ میری بھی بیٹیاں ہیں، اگر میری شادی شدہ بیٹی کو بخار بھی آ جائے تو مجھے نیند نہیں آتی لیکن یہ کس قسم کی ماں تھی، اگر ان کی جگہ میں ہوتی تو اپنے شوہر اور بیٹے کی پرواہ کئے بغیر بیٹی کی خیریت دریافت کرتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حمیرا بہت اچھی لڑکی تھی، اگر وہ میری بیٹی ہوتی تو میں اس پر فخر کرتی۔ حمیرا اصغر 7 سال سے اکیلے رہ رہی تھی، لیکن کبھی کسی غلط کام میں ملوث نہیں ہوئی۔ اگر وہ غلط راستہ اپناتی، تو آج اس کے پاس اپنا گھر اور گاڑی ہوتی۔ اس کے مرنے کے بعد یہ کہنا کہ اس کے پاس کام یا پیسے نہیں تھے، بہت افسوسناک ہے۔ وہ بہت ٹیلنٹڈ تھی، مگر جلدی چلی گئی۔ مجھے اس کے والدین پر افسوس ہوتا ہے، کیونکہ دنیا میں سب سے بدقسمت بچے وہ ہوتے ہیں جن کی ماں ان کے ساتھ نہیں ہوتی۔
انٹرٹینمنٹ
غزالہ جاوید کا حمیرا اصغر کی والدہ کے بیان پر سخت ردعمل
- by Daily Pakistan
- اگست 3, 2025
- 0 Comments
- Less than a minute
- 0 Views
- 1 سیکنڈ ago