نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں فرائض میں غفلت برتنے پرسمزکے پرنسپل اورایم ایس سروسز ہسپتال کو عہدے سے ہٹادیا جبکہ پرنسپل سمزپروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل اور ایم ایس ڈاکٹر احتشام کو فوری طورپر او ایس ڈی کردیا گیاہے۔ سروسز ہسپتال کے ای این ٹی آپریشن تھیٹر میں بجلی بند ہونے سے مریضوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ آپریشن تھیٹرز میں بجلی بند ہونے پر جنریٹر بھی آپریشنل نہیں تھا۔وزیر اعلیٰ نے بحریہ آچرڈ ہسپتال کے دورے میںدل کے کامیاب آپریشن کے بعد مکمل صحت یاب ہونے پر 8 سالہ بچی نور فاطمہ سے ملاقات کی۔ بچی کے دل کے 2 والو بند تھے اور ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور کے دورے کے دوران وزیر اعلی محسن نقوی نے بچی کو بحریہ آچرڈ ہسپتال شفٹ کرنے کی ہدایت کی تھی، بچی کابحریہ ہسپتال میں مفت آپریشن کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور بحریہ ہسپتال کے ڈاکٹروں کی محنت سے بچی نور فاطمہ کو نئی زندگی ملی۔ بچی کی خوبصورت مسکراہٹ میں زندگی مسکرا رہی ہے۔ سیلاب کی تازہ صورتحال اوربھارت کی جانب سے دریاو¿ں میں پانی چھوڑنے جانے کے حوالے سے تیاریوں اور حفاظتی انتظامات کاجائزہ اجلاس میں بتایا گیا کہ دریائے راوی اورستلج پر بھارت کے بنائے ڈیمزمیں پانی کی سطح بلندہورہی ہے اورراوی پر بنایاگیا ڈیم 90 فیصدجبکہ ستلج پر بنایاگیا ڈیم 70 فیصد بھرگیاہے۔ راوی اورستلج کے کیچمنٹ ایریا میں مزید بارشوں کاامکان ہے اور بھارت راوی اورستلج میں مزید پانی چھوڑ سکتا ہے،جس سے دونوں دریاو¿ں میں سیلا ب کا خدشہ ہے۔ محسن نقوی نے سیلاب کی تازہ صورتحال اوربھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے حوالے سے محکمہ آبپاشی ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اورانتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دیااوردریائے راوی اورستلج کے بیڈ کے اندر موجود آبادیوں کے بروقت انخلاءکیلئے پلان تیارکرنے کی ہدایت کی۔آبادیوں کے بروقت انخلاءکے حوالے سے کوئی کوتاہی یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے فرانس کے سفیر نکولیس گیلی سے ملاقات میںکہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔دونوں ملکوں کے مابین معاشی ، تجارتی اوردیگر شعبو ں میں تعلقات کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ثقافت ، سیاحت اور واٹر ٹریٹمنٹ کے حوالے سے فرانس کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ صوبائی افسروں ا ور ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو مینجمنٹ سکلز کے حوالے سے ٹریننگ فراہم کرنے کے حوالے سے فرانس کے تعاون کاخیر مقدم کریں گے۔ زرعی شعبہ کو توانا کرنے اور پیداوار بڑھانے کے حوالے سے فرانس کی مہارت سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں ۔ تاریخی عمارتوں کی بحالی کے پروگرام میں معاونت پر فرانس کے شکر گزار ہیں۔ پنجاب حکومت نے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کو5 مزیدتاریخی عمارتوں کی بحالی کا ٹاسک دیا ہے۔ فرانسیسی سفیرنے کہا کہ تاریخی عمارتوں کی بحالی کے پروگرام میں پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھائیں گے۔ پنجاب حکومت کے ساتھ ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کاجائزہ لیں گے۔ فرانس پنجاب حکومت کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھے گا۔ محسن نقوی نے سول سیکرٹریٹ میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے قائم محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور مرکزی کنٹرول روم سے صوبہ بھر میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کیلئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ پنجاب بھر میں منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کی جیوٹیگنگ کی گئی ہے۔پنجاب میں 502 مقامات کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے اور خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ سیکیورٹی انتظامات میں معاونت کیلئے پاک فوج کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ مجالس اور جلوسوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جا رہی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ قانون نافذ کرنےوالے ادارے پوری طرح چوکس رہیں ۔ جلوسوں اور مجالس کے اختتام پذیر ہونے تک سکیورٹی ہائی الرٹ رہے۔قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔ امن و امان کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے صوبائی وزراءکو بھی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔محرم الحرام کے دوران بھائی چارے اورمذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جارہا ہے ۔ پنجاب بھر میں عشرہ محرم کے دوران 37ہزار مجالس کی سیکیورٹی کے لئے ایک لاکھ سے زائد پولیس افسروں اور اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ70ہزار رضا کار بھی سکیورٹی پر متعین ہیں۔ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔