خاص خبریں

فی الحال اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں اگر ہوا تو چھپائیں گے نہیں، بیرسٹر گوہر

فی الحال اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں اگر ہوا تو چھپائیں گے نہیں، بیرسٹر گوہر

راولپنڈی:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مخالفین کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں بہتر ہے صلح صفائی ہو لیکن حکومت ایک طرف ہاتھ ملائے دوسرے سے مکا مارے تو حالات بہتر نہیں ہوں گے، فی الحال اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں اگر ہوا تو چھپائیں گے نہیں۔راولپنڈی میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے دوبارہ ملاقات کی کوشش کررہے تھے لیکن وہ مصروف ہیں، چیف جسٹس آف سے ملاقات کے لیے 3 گھنٹے تک انتظار کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے، بانی سے تین بہنوں کو ملاقات کرنی ہے اور باقی لوگ یہاں اظہار یک جہتی کے لیے آتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت پر الزامات نہیں لگنے چاہئیں، حکومت خیبرپختونخوا کو بھی ایسے کام نہیں کرنے چاہئیں، جس سے ان پر الزامات لگ جائیں اور جو لوگ الزامات لگاتے ہیں ان سے گزارش ہے ثبوت بھی لائیں۔مقدمات سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ17 جنوری 2025 کو القادر میں سزا ہوئی ایک سال سے اپیل نہیں لگ رہی ہے، ایک سال سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو ابھی تک ضمانت نہیں ملی۔
عدلیہ سے درخواست ہے لوگوں کو انصاف ان کی دہلیز پر ملنی چاہیے، جب انصاف کے دروازے بند ہوجاتے ہیں تو لوگ قانون ہاتھ میں لیتے ہیں، انصاف کی عدم فراہمی پر لوگ لنچنگ اور خانہ جنگی کی طرف جاتے ہیں۔
آپ کب تک سپرمین اور ونڈر بوائز کے انتظار میں رہیں گے، عدلیہ خدا کے لیے بانی پی ٹی آئی کے مقدمات سنیں اور انصاف کریں، بشریٰ بی بی پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں پھر ان کو کیوں سزا دی گئی۔ہم بالکل واضح ہیں اگر کوئی بیک ڈور رابطہ ہوتا ہے تو ہم نہیں چھپائیں گے، ہمارا فی الوقت اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی سے کوئی رابطہ نہیں، علامہ راجا ناصرعباس اور محمود خان اچکزئی پر اب بڑی ذمہ داری ہے۔گریبانوں سے ہاتھ نکالنا ہوگا، گریبانوں میں ہاتھ ڈال کے کچھ حاصل نہیں ہوگا، ہم سب کو اپنی انا ختم کرنی ہوگی، ہم سمجھتے ہیں اچکزئی صاحب مؤثر کردار ادا کریں گے۔
پارٹی کے اندرونی معاملات پر عوام میں بات نہیں کرتا، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کچھ اس طرح کی باتیں ہوئیں، میں نے اجلاس مؤخر کردیا۔مخالفین کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں بہتر ہے صلح صفائی ہو، پی ٹی آئی پاکستان، افواج پاکستان اور ریاست کے ساتھ کھڑی ہے، جب بھی ملک کی بات آئی ہم نے بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے